Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڈنی ایئرپورٹ پر دو مسافر طیارے ٹکرانے سے بال بال بچ گئے، عملے کا ایک رکن زخمی

واقعے کے بعد سڈنی ایئرپورٹ پر متعدد پروازوں کو تاخیرکا سامنا کرنا پڑا: فائل فوٹو روئٹرز
آسٹریلیا کے مصروف ترین سڈنی ایئرپورٹ پر دو مسافر طیاروں کے درمیان ممکنہ تصادم سے بال بال بچنے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جس میں ایک فضائی میزبان بھی زخمی ہو گیا تھا۔
آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو  کے مطابق اتوار کی صبح جیٹ سٹار کا ایک مسافر جہاز گولڈ کوسٹ شہر کی فلائٹ کے لیے ٹیکسی( ٹرمینل سے رن وے کی طرف جانا) کر رہا تھا تو اسی دوران عملے نے دیکھا کہ قطر ایئرویز کا ایک بوئنگ 777 قریبی کراسنگ ٹیکسی وے پر موجود ہے جسے ایک ٹگ گاڑی کے ذریعے کھینچا جا رہا تھا۔
بیان کے مطابق تصادم سے بچنے کے لیے جیٹ سٹار کے پائلٹ نے اچانک سخت بریک لگائی، جس کے باعث طیارے میں موجود ایک کیبن کریو رکن زخمی ہو گیا۔
واقعے میں بوئنگ 777 کے اگلے پہیے اور اسے کھینچنے والی ٹگ کے درمیان موجود جوڑ کو بھی نقصان پہنچا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے دونوں طیاروں کا ڈیٹا، ایئر ٹریفک کنٹرول کا ریکارڈ اور عملے کے ارکان سمیت ٹگ آپریٹرز کے بیانات لیے جا رہے ہیں۔
ادارے نے ایئرپورٹ پر موجود عینی شاہدین سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس واقعے کی کوئی ویڈیو موجود ہو تو وہ تحقیقات کے لیے فراہم کریں۔
ایئر سروسز آسٹریلیا کے مطابق واقعے کے بعد سڈنی ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
جیٹ اسٹار کی ترجمان نے کہا کہ ان کا طیارہ ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر عمل کر رہا تھا، تاہم ایک دوسرا طیارہ خطرناک حد تک قریب آنے پر پائلٹ کو فوری بریک لگانا پڑی۔
انہوں نے بتایا کہ اچانک بریک لگنے سے کیبن میں موجود ایک عملے کا رکن زخمی ہوا، جسے بعد میں طبی امداد فراہم کی گئی۔
قطر ایئرویز نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
دوسری جانب ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر ایئرویز کے طیارے کو کھینچنے والی ٹگ گاڑی نے ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر مکمل عمل نہیں کیا۔

شیئر: