جدہ سعودی ٹویوٹا ڈرفٹ اور آٹوکراس کے فائنلز کی میزبانی کے لیے تیار
جدہ سعودی ٹویوٹا ڈرفٹ اور آٹوکراس کے فائنلز کی میزبانی کے لیے تیار
پیر 23 نومبر 2026 11:36
سیزن کے فائنلز میں ڈرائیورز کی مختلف مہارتوں کا امتحان ہوگا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹویوٹا چیمپیئن شپ کے ڈرفٹ اور آٹو کراس کے ٹائٹلز کا فیصلہ جدہ میں ہوگا جب یہ دونوں سیریز 26 سے 28 نومبر کے دوران اپنے تیسرے اور آخری راؤنڈ کا انعقاد کریں گی۔
عرب نیوز کے مطابق ڈرفٹ فائنل 26 سے 27 نومبر کے لیے شیڈول ہے جس کے بعد 27 سے 28 نومبر کو آٹو کراس کا فائنل ہوگا۔
یہ دونوں راؤنڈ اکتوبر میں الاحسا میں منعقد ہونے والے دو راؤنڈز کے بعد ہو رہے ہیں جہاں ڈرائیورز نے سیزن کے ٹائٹلز کے لیے پوائنٹس حاصل کرنے کی خاطر مقابلہ کیا تھا۔
ڈرفٹ کے دوسرے راؤنڈ کی پرو کیٹیگری میں محمد العرابی نے احمد العامری اور یوسف بحویرث کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔
سیمی پرو میں فہد بن ربیع نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ان کے بعد سلطان العقیلی اور سعود العباسی رہے۔ امیچور فیلڈ میں کسورہ ھمام پہلے، عامر العقیلی دوسرے اور اسامہ العسیری تیسرے نمبر پر رہے۔
آٹو کراس کے دوسرے راؤنڈ میں اردن کے مصطفیٰ العطاری نے ایک منٹ 9.894 سیکنڈ کا تیزترین وقت ریکارڈ کیا اور پی ون کلاس جیت لی۔
عمرو الحسن نے پی ٹو، شہزادہ عبدالعزیز سعودی آل سعود نے پی فور اور عمر العینی نے پی فائیو حاصل کیا۔ خواتین کی کیٹیگری میں العبود پہلے نمبر پر رہیں۔
آٹو کراس کلاس کے دیگرفاتحین میں جی ون میں علی الخضیر، جی ٹو میں راکان السہیل، جی تھری میں زید الحزاح، جی فائیو میں احمد بن خانین اور جی ون پلس میں زید مصری شامل تھے۔
ڈرفٹ فائنل 26 سے 27 نومبر کے لیے شیڈول ہے (فوٹو: جمیل موٹر سپورٹ)
سیزن کے فائنلز میں یہ دونوں کھیل ڈرائیورز کی مختلف مہارتوں کا امتحان لیں گے۔ ڈرفٹ ڈرائیورز کو ان کی درستگی، رفتار، انداز اور کار کنٹرول کی بنیاد پر پرکھا جائے گا جبکہ آٹو کراس کے کھلاڑی ٹریفک کونز سے بنائے گئے راستے پر وقت کے خلاف ریس لگائیں گے۔
سعودی آٹوموبیل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن جو اس چیمپیئن شپ کی مالک اور نگرانی کرتی ہے، اس ایونٹ کو بخشاب موٹر سپورٹ کے انتظام اور جمیل موٹر سپورٹ کے بطور آفیشل پارٹنر منعقد کروا رہی ہے۔
یہ دونوں سیریز موٹر سپورٹس میں شرکت کو وسعت دینے اور منظم مقابلے کے ذریعے سعودی ڈرائیورز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے فیڈریشن کی کوششوں کا حصہ ہیں۔