Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سرحد رکاوٹ نہیں‘، مس یونیورس میں شامل انڈین، پاکستانی اور بنگلہ دیشی خواتین کی دوستی وائرل

سوشل میڈیا صارفین سرحدوں سے بالاتر دوستی اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال قرار دے رہے ہیں (فوٹو:انسٹاگرام)
پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاسی اور سفارتی کشیدگی کے باوجود مس یونیورس 2026 میں تینوں ممالک کی نمائندہ امیدواروں کی دوستی نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
پورٹو ریکو کے شہر سان ہوان میں جاری مس یونیورس کے 75ویں مقابلے میں پاکستان کی مصباح ارشد، انڈیا کی کازیا لِز میجو اور بنگلہ دیش کی سمیرا خان ماہی نے ایک ساتھ تصاویر بنوائیں۔
تینوں امیدواروں کی مشترکہ تصاویر بنگلہ دیش کی امیدوار سمیرا خان ماہی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔ 
ان کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’ممالک الگ ہیں، پرچم الگ ہیں لیکن محبت اور دوستی بہت زیادہ ہے۔ کوئی سرحد حقیقی تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ مس یونیورس میں ان خوبصورت لمحات کو ایک ساتھ گزار کر بہت خوشی ہوئی۔‘
انہوں نے اس پوسٹ کے ساتھ ’سسٹرہُڈ‘ (بہن چارہ) سمیت دیگر ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے۔
پاکستان کی امیدوار مصباح ارشد نے بھی اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے دونوں امیدواروں کو اپنی ’خوبصورت بہنیں‘ قرار دیا۔
تینوں امیدواروں کے لباس بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنے۔ 
مصباح ارشد نے اپنے لباس کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ اس میں پاکستانی دستکاری کو جدید مغربی فیشن کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
 ان کے مطابق پاکستانی کڑھائی اس لباس کا اہم حصہ ہے اور پاکستان ان کی شناخت کا مرکز ہے۔
دوسری جانب انڈیا کی امیدوار کازیا لِز میجو نے بھی مقابلے کے دوران اپنے ثقافتی پس منظر کو نمایاں کیا۔ 
انہوں نے اپنے آبائی علاقے کیرالہ کی ثقافت کو خراج تحسین پیش کرنے والا خصوصی لباس بھی متعارف کرایا۔
مس یونیورس 2026 کا 75واں مقابلہ پورٹو ریکو میں جاری ہے، جس کا فائنل 24 نومبر کو منعقد ہوگا۔
مقابلے میں ابتدائی طور پر 130 سے زائد ممالک کی نمائندگی متوقع تھی، تاہم ویزا مسائل، صحت سے متعلق وجوہات اور مقابلے کے مقامی فرنچائز تنازعات کے باعث تقریباً 15 ممالک کی امیدواریں مقابلے سے باہر ہوگئیں یا شرکت نہ کرسکیں۔
تینوں جنوبی ایشیائی امیدواروں کی دوستی کی یہ تصاویر ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب وہ ایک ہی عالمی اعزاز کے لیے مقابلہ بھی کر رہی ہیں۔ 
تاہم سوشل میڈیا پر ان کی اس ملاقات کو سرحدوں سے بالاتر دوستی اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر: