بغیر لائسنس ٹرانسپورٹیشن، تین غیرملکیوں کے خلاف جرمانے اور بے دخلی کے فیصلے
بغیر لائسنس ٹرانسپورٹیشن کا کام کرنا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (جی ٹی اے) نے بغیرلائسنس نجی گاڑیوں میں مسافروں لے جانے والے تین غیرملکیوں کے خلاف فیصلے جاری کیے ہیں۔
ایکس اکاؤنٹ پر بیان کے مطابق مجموعی طور پر 35 ہزار ریال جرمانہ اور مملکت سے بے دخلی کا فیصلہ دیا گیا ہے۔
ایک مصری اور انڈین شہری کے خلاف بغیر لائسنس نجی گاڑی میں مسافروں کو لے جانے پر 12 ہزار ریال جرمانے اور بے دخلی کا فیصلہ سنایا گیا۔
چاڈ کے ایک شہری کے خلاف فیصلے میں بغیر لائسنس کے مسافروں کو نجی گاڑی میں لے جانے کی تیاری پر 11 ہزار ریال جرمانہ اور مملکت سے بے دخلی شامل ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ بغیر لائسنس ٹرانسپورٹیشن کی سرگرمیوں میں ملوث ہونا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا گیا کہ وہ صرف لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹ خدمات اور اداروں اور دستیاب قانونی آپشنز کو ترجیح دیں۔
یاد رہے کہ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے نئے ضوابط میں غیر قانونی طریقے سے ٹرانسپورٹ کا کام کرنے پر 11 سے 20 ہزار ریال تک کے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
