مدینہ بس نیٹ ورک میں توسیع، ریلوے سٹیشن سے مسجد نبوی کا نیا روٹ
فاسٹ ٹریک نمبر 300 شہر کے مرکزی علاقے کے لیے مخصوص ہے (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
مدینہ بس سروس کے نیٹ ورک میں ’فاسٹ ٹریک روٹ نمبر 300‘ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے سٹیشن سے مسجد نبوی ﷺ کے لیے نئے روٹ سے لوگوں کو کافی سہولت ہوگی۔
اخبار 24 کے مطابق مدینہ منورہ ترقیاتی اتھارٹی کے زیر انتظام ’مدینہ بس سروس‘ نے زائرین مسجد نبویﷺ اور اہلیان شہر کی سہولت کے لیے نئے روٹ کا اضافہ کیا ہے۔
مدینہ بس نیٹ ورک میں شامل کیا جانے والا نیا روٹ حرمین ہائی سپیڈ ریلوے سٹیشن سے مسجد نبوی شریف کے مرکزی سٹیشن تک ہوگا۔
شہر کا مرکزی علاقہ مسجد نبوی شریف سے متصل ہے، جس سے جدہ اور مکہ مکرمہ سے ٹرین کے ذریعے آنے والوں کو کافی سہولت ہوگی، وہ براہ راست ٹرین سٹیشن سے مسجد نبوی شریف پہنچ سکیں گے۔
واضح رہے مدینہ بس سروس سے شہرِ مقدس میں لوگوں کو کافی سہولت ہوتی ہے، خاص طور پر رمضان اور حج سیزن میں بس سروس شہریوں اور مدینہ منورہ میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے بھی کافی مفید ہوتی ہے۔
