Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’توکلنا‘ سروسز میں توسیع، مستفیض ہونے والوں کی تعداد 36 ملین ہوگئی

’ارقامی‘ سروس سے اپنے نام پر رجسٹر موبائل نمبرز کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
قومی ایپلی کیشن ’توکلنا‘ نے اپنی ڈیجیٹل سروسز کے دائرے کو مزید وسیع کر دیا ہے۔ ایپ کے ذریعے مملکت میں 36 ملین سے زائد شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور زائرین کی روزمرہ کی ضروریات کو بروقت پورا کیا جاتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ’توکلنا‘ ایپ پر مختلف سروسز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا مقصد ان تک رسائی کو آسان بنانا اور مطلوبہ خدمت کے حصول میں وقت کو کم کرنا ہے۔
ایپ کے ذریعے مختلف خدمات پیش کی جاتی ہیں جن میں صحت، روزگار، تجارت، عدلیہ، رہائش، آمد و رفت اور ٹیلی کام وغیرہ شامل ہیں۔
صحت کے حوالے سے توکلنا کے ذریعے صارفین ہیلتھ انشورنس سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے علاوہ کونسل آف ہیلتھ انشورنس میں شکایات بھی درج کرا سکتے ہیں۔
توکلنا کے صارفین کو حقوق و مالی ذمہ داریوں سے متعلق عدالتی سروسز تک رسائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ایپ سے سوشل ڈویلپمنٹ بینک اور جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس کی بعض سروسز کے علاوہ ہیومن ریسوسز ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات موجود ہیں۔
تجارتی امور کے حوالے سے بھی توکلنا پر اہم معلومات دستیاب ہوتی ہیں جن میں سعودی بزنس سینٹر کے ذریعے کسی آن لائن سٹور کے بارے میں معلومات حاصل کرنا یا ٹیکس و کسٹمز اتھارٹی کی جانب سے الیکٹرانک انوائس کو جانچنے کی سہولت بھی موجود ہے۔
ٹیلی کمیونیکیشن کے حوالے سے بھی توکلنا پر خصوصی سروس فراہم کی گئی ہے۔ صارفین ’ارقامی‘ سروس کے ذریعے اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبرز کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

 

شیئر: