محمد عباس کی چار وکٹیں، پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کے 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز
جمعرات 27 اگست 2026 21:44
پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام ہو گیا ہے۔
جمعرات کو لندن کے لارڈز کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ نے نو وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے ہیں جبکہ گس ایٹکنسن 34 اور جوش ٹنگ ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
میچ کے پہلے روز پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن اپ کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 15 اوورز میں 56 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی نے بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 17 اوورز میں 67 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی سمتھ 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ جارڈن کاکس نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ دن کے اختتام پر گس ایٹکنسن 34 اور جوش ٹنگ ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستانی بولرز نے ابتدا میں ہی انگلینڈ کو جھٹکے دیے۔ بین ڈکٹ 17، ایمیلیو گے آٹھ اور جو روٹ صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں جارڈن کاکس اور جیمی سمتھ نے اننگز کو سنبھالا، تاہم پاکستانی بولرز نے آخری سیشن میں ایک بار پھر میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے مسلسل وکٹیں حاصل کیں۔
خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔
