لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی بدترین کارکردگی، انگلینڈ نے میچ اننگز اور 103 رنز سے جیت لیا
لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی بدترین کارکردگی، انگلینڈ نے میچ اننگز اور 103 رنز سے جیت لیا
جمعہ 21 اگست 2026 17:53
انگلینڈ کے اُولی رابنسن اور جوش ٹونگ نے میچ میں مجموعی طور پر 8، 8 وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
جمعے کو میچ کے تیسرے ہی روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے۔
شان مسعود 29، عبداللہ شفیق نے 15 جبکہ سعود شکیل 14 رنز ہی بنا سکے، میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 5 جبکہ دوسری اننگز میں 6 بیٹرز ڈبل فِگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے اوپنر اذان اویس دوسری اننگز میں صرف 9 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے، دوسرے اوپنر امام الحق بھی صفر پر ہی چلتے بنے۔
بابر اعظم کی جگہ کپتانی کرنے والے سلمان علی آغا کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ بھی جاری رہا، وہ دونوں اننگز میں صرف 25 رنز ہی بنا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے اُولی روبنسن، جوفرا آرچر اور جوش ٹونگ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈین لارنس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
انگلینڈ کے اُولی رابنسن اور جوش ٹونگ نے پاکستانی بیٹرز کو وکٹ پر ٹِکنے نہ دیا اور میچ میں مجموعی طور پر 8، 8 شکار کیے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 409 رنز بنائے اور پاکستان کے خلاف 238 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
ہیری بروک نے سب سے زیادہ 91 رنز بنائے، جورڈن کاکس نے 71، کپتان جو رُوٹ نے 66 جبکہ ڈین لارنس نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔
10 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنانے والے جو رُوٹ کی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ 68 ویں نصف سینچری تھی، اس طرح انہوں نے انڈیا کے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 5 جبکہ دوسری اننگز میں 6 بیٹرز ڈبل فِگر میں بھی داخل نہ ہو سکے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے پانچ انگلش بیٹرز کو پویلین بھیجا، خرم شہزاد نے تین جبکہ محمد عباس اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ اَن فِٹ ہونے کے باعث بابر اعظم اس میچ میں کپتانی کے فرائض سرانجام نہ دے سکے، ان کی عدم موجودگی میں یہ ذمہ داری سلمان علی آغا نے سرانجام دی۔
ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ بیرون ملک کھیلے گئے گذشتہ 10 میں سے 9 ٹیسٹ میچز ہار چکی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 اگست تک لارڈز جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔