پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل انجری کا شکار
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف آئندہ ہفتے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل وارم اَپ میچ کے دوسرے روز انجری کا شکار ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعے کو پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف تین روزہ وارم اَپ میچ کے دوسرے روز بابر اعظم دائیں ہاتھ پر گیند لگنے کے بعد صرف 5 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے بتایا کہ ’بابر اعظم اب اس وارم اَپ میں مزید حصہ نہیں لیں گے‘، تاہم ان کا یہ کہنا تھا کہ ’پاکستانی کپتان پیر کو ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ پریکٹس سیشن میں شریک ہوں گے۔‘
انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ بدھ کو ہیڈنگلے لیڈز میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تھی، جو 1-1 سے برابر رہی تھی۔
پاکستان نے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کی پہلی اننگز کے 305 رنز کے جواب میں 238 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے آف سپنر شعیب بشیر نے 76 رنز دے کر 4 جبکہ 17 سال کے مینی لَمسڈن نے 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب انگلینڈ کے اوپننگ بیٹر ’ایمیلیو گے‘ بھی ہیڈنگلے ٹیسٹ سے قبل اپنی فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ پاکستان کے خلاف وارم اَپ میچ کی دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
’ایمیلیو گے‘ گذشتہ ہفتے ڈرہم کی نمائندگی کرتے ہوئے ون ڈے کپ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ جمعے کو انہوں نے صرف 7 گیندوں کا سامنا کیا اور محمد علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔
دن کے اختتام پر پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے تھے اور اس طرح اسے مجموعی طور پر 195 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
