جایاسوم ویلنیس ریزوٹ: بحیرۂ احمر کے کنارے صحت و سکون کا نیا مرکز
جمعرات 17 ستمبر 2026 6:58
ریزوٹ کا ڈیزائن برطانوی کمپنی ھی اینڈ کو نے تیار کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریڈ سی گلوبل نے امالا میں جایاسوم ویلنیس ریزوٹ کھول دیا ہے جہاں صحت اور ذہنی سکون کے لیے ایک منفرد اور جامع سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ایس پی اے کے مطابق ریزوٹ کا ڈیزائن برطانوی کمپنی ھی اینڈ کو نے تیار کیا ہے جبکہ اس کے اندرونی حصوں کی آرائش کے لیے سٹوڈیو کارٹر کے ساتھ کام کیا گیا۔
ریزوٹ میں 153 ہوٹل یونٹس اور 24 رہائشی یونٹس شامل ہیں۔ بحیرۂ احمر کے ساحل پر امالا کے پُرسکون علاقے میں قائم یہ ریزوٹ ایسے ماحول میں واقع ہے جہاں قدرتی حسن اور مہمان نوازی کا منفرد امتزاج ذہنی سکون اور تازگی کا احساس پیدا کرتے ہیں۔
ریڈ سی انٹرنیشنل گروپ کے چیف ایگزیکٹیو جان پگانو نے کہا کہ دنیا میں جایاسوم کے پہلے ریزوٹ کا افتتاح امالا میں صحت و تندرستی کے حوالے سے ایک نیا اضافہ ہوگا۔ ریزوٹ کے خصوصی جامع صحت پروگرام میں جدید سائنسی ضوابط پر مبنی طریقوں کے ساتھ عرب و مشرقی طب و صحت کی روایات کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ ریزوٹ جدید طبی طریقوں کے ساتھ عرب اور مشرقی روایتی علاج کو یکجا کرتا ہے جو مختلف تہذیبوں کے درمیان صدیوں سے جاری علم کے تبادلے کی روایت کا عکاس ہے جس میں ابن سینا جیسے عظم مسلم سائنس دانوں نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

ریزوٹ میں جسمانی فٹنس، فزیو تھراپی، غذائیت، سپا اور بیوٹی سروسز کے ساتھ ماہرین کے مشورے، جسمانی ورزش اور روزانہ کی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے مکمل دیکھ بھال فراہم کی جائے گی۔
آنے والے ہر مہمان کی صحت سے متعلق اہداف کے مطابق پروگرام کا چارٹ مرتب کیا جائے گا جن میں خواتین کی صحت، جوڑوں اور خاندانوں کی فلاح و بہبود، صحت، وزن اور طرزِ زندگی کو بہتر بنانا شامل ہوگا۔
ریزوٹ کو دو بنیادی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بالغ افراد کے لیے مخصوص علاقے ہیں جہاں جامع علاج، فزیوتھراپی، جسمانی فٹنس پر توجہ دی جائے گی۔

ریزوٹ سے ملحق جایاسوم ریزیڈنسز میں محدود تعداد میں دو سے چار بیڈ رومز پر مشتمل ساحلی ولاز شامل ہیں جن میں نجی سوئمنگ پول اور سمندر کے وسیع و دلکش نظارے ہوں گے۔ ان ولاز کے رہائشیوں کو خصوصی سہولتی حاصل ہوں گی جن میں مفت صحت پروگرام، علاج اور کھانے کے تجربات کی بکنگ کے علاوہ دنیا بھر میں جایا سوم کی تقریبات میں شرکت کی دعوت شامل ہیں۔
واضح رہے امالا کے دیگر تمام منصوبوں کی طرح یہ ریزوٹ بھی مکمل طور پر سولر سسٹم سے آراستہ ہو گا۔ جایا سوم ریزوٹ امالا میں کھلنے والا ساتواں ریزوٹ ہے جو اس سیاحتی منزل کی ترقی کے مراحل میں ایک نئی پیش رفت ہے۔
