ایران کے ساتھ جنگ فوجی اعتبار سے ’عملا ختم‘ ہوچکی: صدر ٹرمپ کا قطری وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بیان
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے ایران کی قیادت کو ’بے اثر‘ کردیا گیا ہے ( فوٹو: اے پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں قطری وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ’ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے کی جانب ’مثبت پیش رفت‘ ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا ’ان کے خیال میں ایران جنگ عسکری اعتبار سے عمللا ختم ہوچکی ہے اور ہم محض ’سٹیٹس کو‘ بر قرار رکھے ہوئے‘ ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ایران کی قیادت کا ’خاتمہ‘ کردیا گیا ہے تاہم اب بھی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ایک دیرپا حل تلاش کر رہے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کو بے اثر کیا جاسکے۔‘
صدرٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر پوسٹ میں لکھا ’ایران پر دوبارہ امریکی حملے شروع ہونے کا امکان ’نہ ہونے کے برابر‘ ہے کیونکہ خلیجی ممالک سٹیٹس کو برقرار رکھتا چاہتے ہیں۔‘
قطر کے وزیر اعظم شیخ محمدم بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا کہ’ پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے۔‘
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’معاہدے تک پہنچنے اور خطے میں امن قائم کرنے کے حوالے سے ہونے والی مثبت بات چیت پر شکر گزار ہوں۔‘
ایران کا جنگ بندی منصوبہ کیا ہے؟
رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کردہ منصوبے میں امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے، بعض پابندیاں اٹھانے اور بمباری روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے بدلے میں ایران آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے پر آمادہ ہے جبکہ ایرانی جوہری پروگرام اور دیگر پابندیوں سے متعلق مذاکرات بعد میں کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
امریکہ نے اب تک ایران کے اس منصوبے کو مسترد کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اتوار کو ایرانی شرائط کو ’ناقابل قبول، مضحکہ خیز اور غیر حقیقت پسندانہ‘ قرار دیا۔ تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کو اس منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے اسے مذاکرات کی میز پر موجود سب سے معقول پیشکش قرار دیا۔
قطر کا سفارتی کردار
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی گزشتہ ہفتے تہران کا دورہ کر چکے ہیں۔ پیر کو واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی۔
قطر جنگ کے آغاز سے ہی امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں اور پیغامات کی ترسیل میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے اختلافات کم کرنے کے لیے تجاویز بھی پیش کرتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد امریکہ میں ایران جنگ ختم کرنے کے لیے سیاسی دباؤ بڑھا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سمیت ریپبلکن رہنماؤں نے بھی انتخابی نتائج پر ایران جنگ کے اثرات کی نشاندہی کی ہے۔
