Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نئی سیاحتی منزل‘: امالا میں پہلے لگژری ریزوٹ کا افتتاح

ریڈ سی گلوبل نے سیاحتی منزل ’امالا‘ کے باضابطہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے ٹرپل بے کے علاقے میں ’فورسیزنز امالا ریزوٹ اینڈ ریزیڈینسز‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ریڈ سی گلوبل کے سی ای او جان پگانو نے کہا ہے کہ ’امالا میں پہلے ریزوٹ کا افتتاح ایک اہم سنگِ میل ہے۔‘
’یہ منصوبہ مملکت کو عالمی سطح پر آرام دہ اور لگژری سیاحتی منزل کے طور پر متعارف کرانے میں اہم ثابت ہوگا۔‘
ٹرپل بے کے علاقے میں 9 اعلٰی معیاری ریزوٹس پر مشتمل 1600 سے زائد ہوٹل کمرے قائم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ایک متحرک ساحلی مرکز تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں معروف ریستوران اور نمایاں تفریحی مقامات موجود ہوں گے جن میں امالا یاٹ کلب، کورالیوم، میرین لائف انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں۔
فورسیزنز امالا ریزورٹ اینڈ ریزیڈینسز اس منزل کا پہلا ریزوٹ اور آپریشنل سرگرمیوں کا آغاز ہے۔ اسے معروف تعمیراتی کمپنی ’یو پلس اے‘ نے ڈیزائن کیا ہے جہاں آرام دہ اور جدید ماحول دوست انفراسٹرکچر کو یکجا کیا گیا ہے۔

یہ ریزوٹ، ریڈ سی گلوبل کے سیاحتی عالمی اصولوں کے مطابق 100 فیصد قابل تجدید توانائی کے ذریعے آپریٹ ہوگا جبکہ جدید ویسٹ مینجمنٹ نظام کو ’زیرو فضلے‘ کے اصول پر تیار کیا گیا ہے تاکہ ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم اور تحفظ ماحول کو موثر بنایا جا سکے۔
ریزوٹ میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جن میں 202 کمرے، سوئٹس، ولاز اور نجی باغات شامل ہیں جنہیں خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ تمام رہائشی یونٹس براہ راست بحیرۂ احمر کے دلکش مناظر کے حامل ہیں۔
فورسیزنز برانڈ کے تحت 26 نجی رہائشی ولاز بھی ہیں جن کا رقبہ 552 مربع میٹر سے ایک ہزار مربع میٹر تک ہے۔ ہر ولا کا اپنا سوئمنگ پول ہے۔

ریزوٹ میں 2095 مربع میٹر رقبے پر محیط ’سپا اور ہیلیا‘ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جسے ’نفیس خوبصورتی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 511 مربع میٹر پر مشتمل جدید فٹنس سینٹر ہے جہاں ماہرین ٹرینرز موجود ہیں۔ ساؤنڈ تھراپی اور ساحلی یوگا سیشنز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
وزیٹرز کے لیے 6 ریستوران اور دیگر کھانے کے سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جن میں ’ایم اے اے سوشل‘ مشرق وسطیٰ کے ساحلی کھانوں میں غیرمعمولی مہارت کا حامل ہے جبکہ ’روک‘ نجی ساحل کے دلکش مناظر کے ساتھ کھانے کا منفرد تجربہ فراہم کیا جاتا ہے۔
فیملی تفریحی سہولتوں کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے جس کے تحت ریزوٹ میں پانچ سوئمنگ پول، 900 میٹر طویل نجی ساحل، بچوں کے لیے ’کڈز فار آل سیزنز‘ پروگرام جبکہ نوجوانوں کے لیے جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

مختلف نوعیت کی کانفرنسز اور تقریبات کے لیے ریزوٹ میں ایک ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر جدید سہولتوں سے آراستہ مقامات مخصوص ہیں، جہاں بزنس میٹنگز، شادی کی تقریبات اور بین الاقوامی کانفرنسز کے علاوہ سربراہی اجلاس بھی منعقد کیے جا سکیں گے۔
ٹرپل بے میں مہمانوں کو ایک جامع و منفرد تجربہ فراہم کیا جائے گا جس میں کور الیوم میرین لائف انسٹی ٹیوٹ کے سپیشل وزٹس، امالا یاٹ کلب اور مرینا ولیج کے اعلٰی معیاری ریستوران اور شاپنگ ایریا شامل ہیں۔
واضح رہے فورسیزنز امالا ریزوٹ اینڈ ریزیڈینسز کا افتتاح امالا منصوبے کے تحت رواں سال کھلنے والے 9 عالمی معیار کے ریزوٹس میں سے پہلا افتتاح ہے۔

 

شیئر: