برطانیہ میں دوسری منزل: ریاض ایئر کی مانچسٹر کے لیے ہفتے میں تین پروازیں
جمعرات 17 ستمبر 2026 18:31
یہ پروازیں 787-9 ڈریم لائنز طیارے کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے جمعرات سے مانچسٹر کے لیے براہ راست پروازوں شروع کی ہیں۔
فضائی کمپنی کے ایکس اکاؤنٹ کے مطابق ریاض ایئر نے اس سال 10 جون سے لندن کے لیے پروازیں شروع کی تھیں، مانچسٹر، برطانیہ میں دوسری منزل ہے۔
افتتاحی پرواز جعمرات کی صبح ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مانچسٹر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔ یہ پروازیں 787-9 ڈریم لائنز طیارے کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔
ریاض سے مانچسٹر کے لیے ہفتے میں تین پروازیں منگل، جمعرات اور سنیچر کو چلائی جائیں گی۔
اس روٹ کا آغاز کنیکٹیویٹی پروگرام کے تعاون سے کیا گیا جس کا مقصد بین الاقوامی نیٹ ورک کو وسیع کرنا اور ترجیحی روٹس پر نشستوں کی تعداد کو بڑھانا ہے۔
نیا روٹ سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے، سفر اور سیاحت کے مواقع کو وسعت دینے میں معاون ہوگا۔ مانچسٹر تجارت، تعلیم اور سپورٹس کا ایک عالمی مرکز ہے۔

ایئرلائن کے مطابق نئے روٹس اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دارالحکومت ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔
ریاض ایئر کے جدید بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولتیں اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں، ان کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
