عالمی نیٹ ورک میں توسیع: ریاض ایئر نے منیلا کے لیے پروازیں شروع کر دیں
ابتدا میں ریاض اور منیلا کے درمیان ہفتے میں چار پروازیں چلیں گی( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے بدھ سے ریاض اور منیلا کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق منیلا عالمی نیٹ ورک میں 13 ویں جبکہ ایشیا میں ساتویں منزل ہے۔
افتتاحی پرواز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منیلا کے نینوی اکینو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔ یہ پروازیں 787-9 ڈریم لائنز طیارے کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔
ابتدا میں ریاض اور منیلا کے درمیان ہفتے میں چار پروازیں چلیں گی جبکہ 19 اکتوبر سے یومیہ پروازوں کا آغاز ہوگا۔
نیا روٹ سعودی عرب اور فلپائن کے درمیان فضائی رابطے کو مضبوط کرے گا اور دونوں ملکوں کے درمیان سفر، تجارت اور سیاحت کو فروغ دے گا۔
ایئر لائن کے مطابق نئے روٹس اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دارالحکومت ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔

ریاض ایئر کے جدید بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولتیں اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں، ان کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
