Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلجرشی کمشنری کا ہفتہ بازار، عہدِ رفتہ کی شناخت آج بھی برقرار

تزئین و آرائش کے باوجود بازار کی قدیم روایتی شناخت برقرار ہے (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن کی بلجرشی کمشنری میں ’ہفتہ بازار‘ کی روایت صدیوں سے چلی آ رہی ہے۔ عہدِ رفتہ میں بھی یہ بازار نہ صرف کمشنری بلکہ اطراف کے علاقوں میں بھی غیرمعمولی شہرت کا حامل تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق بلجرشی کمشنری کا ’ہفتہ بازار‘ اپنے محلِ وقوع کی وجہ سے بھی کافی اہم ہے۔
بازار میں علاقے کی دستکاری کی اشیا کے علاوہ موسمی پھل، سبزیاں، شہد، خالص دیسی گھی، مصالے، خوشبودار پودوں کے علاوہ علاقے کے مخصوص پکوان بھی موجود ہوتے ہیں۔
علاقے کا ہفتہ بازار محض تجارتی سرگرمیوں کے باعث ہی مشہور نہیں بلکہ مختلف اوقات میں قومی و سرکاری تقریبات کے حوالے سے بھی یہ کافی شہرت کا حامل ہے، مقامی فنکاروں کی تقریبات میں شرکت بازار کی رونقوں کو دوبالا کر دیتی ہیں۔

ہفتہ بازار میں علاقے کی روایتی اشیا فروخت کی جاتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

شہری انتظامیہ نے حال ہی میں بازار میں کافی ترقیاتی کام کیے ہیں جن کی وجہ سے یہاں کا نقشہ ہی تبدیل ہوگیا، مگر اہم بات یہ کہ بازار نے اپنی قدیم شناخت برقرار رکھی ہوئی ہے۔
بلجرشی کا یہ ہفتہ بازار اپنی اصل روایتی سرگرمیوں اور متنوع اشیا کے ساتھ آج بھی مقامی اور علاقائی سیاحوں کے لیے اسی طرح باعثِ کشش ہے جیسا ماضی میں ہوا کرتا تھا۔

شیئر: