سعودی عرب نے نیپال میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی طیارہ بھیج دیا
جمعرات 8 اکتوبر 2026 20:47
سعودی اور نیپالی حکام طیارے کی آمد کے وقت ایئرپورٹ پر موجود تھے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نیپال میں سیلاب متاثرین کے لیے شاہ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ کے زیر انتظام سعودی امدادی طیارہ نیپال پہنچ گیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ایجنسی کی ایک ٹیم سیلاب متاثرین تک امداد کی فراہمی کے لیے مقامی حکام کے ساتھ امداد کی تقسیم کے کام میں کو آرڈینیٹ کرے گی۔
یاد رہے کہ نیپال میں سیلاب کے نتیجے میں آنے والی تباہی سے درجنوں اموات ہوئیں اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
نیپال میں سعودی عرب کے سفیر فہد بن محمد اور نیپالی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی مہاویرپون کے علاوہ نیپالی وزارت خارجہ کے ریجنل ڈائریکٹر امدادی طیارے کی آمد کے وقت ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
نیپالی حکومت کے نمائندے نے سعودی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد دونوں ملکوں کے درمیان گہری دوستی اور مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا مملکت کی جانب سے یہ امداد قدرتی آفات کے انسانی اثرات کو کم کرنے کے لیے متاثرہ دوست ممالک کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا یہ اقدام بین الاقوامی انسانی کوششوں کو تقویت دینے کے حوالے سے مملکت کے قائدانہ کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
یہ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ذریعے سعودی عرب کی جانب سے ضرورت مند افراد کو فراہم کی جانے والی مدد کا حصہ ہے۔
