عمران خان اور بشریٰ بی بی سے طویل عرصے بعد اُن کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات
پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے اُن کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔
پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ ’آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے جیل حکام نے اُن کی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے 40 منٹ کی ملاقات کروائی۔
ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے 7 ماہ جبکہ بشریٰ بی بی سے 11 ماہ کے طویل عرصے بعد یہ ملاقات کروائی گئی ہے۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ 40 منٹ کا وقت تمام زیرِ التوا مقدمات اور قانونی امور کا احاطہ کرنے کے لیے ناکافی تھا۔
سلمان صفدر کے مطابق اس نشست کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اپنی صحت اور جیل کی رہائشی صورتِ حال سے آگاہ کیا، جبکہ دونوں شخصیات نے اہم کیسز اور قانونی معاملات سے متعلق نئی ہدایات بھی جاری کیں۔
بیرسٹر سلمان عدالت میں بار بار درخواستیں جمع کروانے کے بعد بالآخر آج انہیں ملاقات کی اجازت ملی، تاہم یہ مختصر وقت زیرِ التوا مقدمات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی مشاورت کے لیے ناکافی تھا۔
