دیوالی کے موقع پر بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کی جانب سے اپنایا گیا انداز تنازع کا شکار ہو گیا ہے اور ان کے نام جاری ہونے والی قانونی نوٹس میں سوشل میڈیا سے تصاویر اور ویڈیوز ہٹانے کے علاوہ عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق تنازع نے اس وقت سر اٹھایا جب اداکارہ نے انسٹاگرام پر دیوالی کی تقریب کی تصاویر شیئر کیں، جن میں انہوں نے پنیت بالانا کا تیار کردہ خاکی رنگ کا لباس پہنا تھا، جس کے ساتھ اسی رنگ کی پگڑی بھی تھی۔ تاہم سب کی توجہ ان کے 30 قیراط کے زمرد سے بنے لاکٹ پر مرکوز ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔
مزید پڑھیں
-
بالی وڈ کے نواب سیف علی خان کے چار قیمتی ترین اثاثے کیا ہیں؟Node ID: 897492
رپورٹ کے مطابق کہا جاتا ہے کہ یہ لاکٹ بھوپال کی بیگم کی ملکیت تھا جو خاندان در خاندان منتقل ہوتا ہوا کرینہ کپور تک پہنچا اور اس پر آیت الکرسی لکھی ہوئی ہے۔
نوٹس میں کیا ہے؟
یہ قانونی نوٹس سماجی کارکن عباس حفیظ کی شکایت پر جاری کیا گیا ہے، اس میں اداکارہ کے لاکٹ پہننے پر اعتراض کیا گیا ہے اور کرینہ کپور کے علاوہ ان کی ڈیزائنر ریا کپور سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا سے ان تصاویر، ویڈیوز اور متعلقہ پوسٹیں ہٹا دیں۔
نوٹس میں عوامی سطح پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جبکہ اس بات کی یقین دہانی کا بھی کہا گیا ہے کہ آئندہ مذہبی اشیا کو ایسے انداز میں پیش نہ کیا جائے جس سے ان کے تقدس پر حرف آئے۔
ریا کپور نے بھی کرینہ کپور کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ زیورات بھوپال کے سابق شاہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’کرینہ کپور نے پنیت بالانا کا تیار کردہ خالص چاندی کا لباس اور پگڑی پہنی ہے۔ اس کے ساتھ بھوپال کے نواب اور بیگم سے منسوب 200 سال پرانی کلغی اور 30 قیراط کا زمرد کا لاکٹ بھی پہنا تھا، جس پر آیت الکرسی لکھی ہے۔‘
نوٹس کے مطابق ’دونوں شخصیات کے لباس، ذاتی پسند یا زیورات پہننے کی آزادی پر کوئی اعتراض نہیں لیکن جب قرآنی آیات والا لاکٹ پہنا جائے اور عوام کے سامنے پیش کیا جائے تو ان میں تقدیس کا اظہار ہونا چاہیے۔‘
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تصاویر میں جس طرح سے لاکٹ کو پیش کیا گیا ہے وہ احترام کا عکاس نہیں۔
یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ اعتراض صرف لاکٹ تک محدود ہے اور شخصیات کے لباس اور طرز زندگی پر تنقید مقصود نہیں۔













