Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک روح، مشترکہ ورثہ اور متنوع اظہار‘: پاکستان قونصلیٹ جدہ میں آرٹ ایگزیبیشن

سعودی سوسائٹی فار کلچرل اینڈ آرٹس جدہ کے ڈائریکٹر مہمان خصوصی تھے۔( فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان قونصلیٹ جدہ میں جمعرات کی شام پاک، سعودی دوستی، عقیدے اور ثقافت کے دیرینہ تعلق کو اجاگر کرنے کے لیے ’واحد‘ کے عنوان سے ایک آرٹ ایگزیبیشن کا افتتاح کیا گیا جو پاکستان اور سعودی عرب کے فنون کا ایک حسین امتزاج ہے۔
ایگزیبیشن کا مرکزی خیال ’ایک روح، مشترکہ ورثہ اور متنوع اظہار‘ ہے۔ یہ تین دن تک عام افراد کے لیے کھلی رہے گی۔
 افتتاحی تقریب میں سعودی شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سعودی سوسائٹی فار کلچرل اینڈ آرٹس جدہ کے ڈائریکٹر محمد آل صبیح مہمان خصوصی تھے۔
 ایگزیبیشن میں 60 سے زائد پاکستانی اور سعودی آرٹسٹوں کے فن پارے موجود ہیں جن میں سفیر پاکستان احمد فاروق، خطاط مسجد نبوی شفیق الزماں شامل ہیں۔ خطاطی اور دیگر بصری فن پاروں کا ایک بڑا کلیکشن موجود ہے۔

سعودی سوسائٹی فار کلچرل اینڈ آرٹس جدہ کے ڈائریکٹٹر محمد الصبح کا کہنا تھا فن پاروں کی نمائشیں تخلیقی کامیابوں کو پیش کرنے، فنکاروں اور عوام کے درمیان رابطے کے مواقع فراہم کرنے، ثقافتی و فنی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں جس سے بصری اور فنون کے شعبے میں مزید نکھار پیدا  ہوتا ہے۔

قونصل جنرل مصطفی ربانی کا کہنا تھا ’اگرچہ ہم الگ الگ ملک ہیں، ہمارے پرچم بھی الگ ہیں لیکن ہم ایک ایسے برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو درحقیقت روحانی طور پر ایک ہے۔‘
انہوں نے نمائش کی کیویٹر ماہرہ علی اور ان تمام آرٹسٹوں کی کاوشوں کو سراہا جن کے فن پارے یہاں نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

 

شیئر: