Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کا بن غازی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ، لیبیا کو تنازعات کا میدانِ جنگ بننے سے خبردار کردیا

طبی ذرائع کے مطابق واقعے میں روسی اور لیبیا کے شہریوں سمیت 10 افراد معمولی زخمی ہوئے (فوٹو: روئٹرز)
لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن نے پیر کو بن غازی کی بندرگاہ اور مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی کے ساحل کے قریب ہونے والے حملوں کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ مشن نے ایسے اقدامات سے خبردار کیا جو ملک کو وسیع تر علاقائی تنازعات میں دھکیل سکتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے اتوار کو پیش آنے والے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ لیبیا کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اس کے شہریوں اور املاک کے تحفظ کا احترام کیا جانا چاہیے۔
مشن نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، تحقیقات جاری رہنے کے دوران غیر مصدقہ معلومات پھیلانے یا واقعات کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں اور ایسی اشتعال انگیز بیان بازی یا اقدامات سے باز رہیں جو ملک میں داخلی کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں۔
مشن نے پیر کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’لیبیا مزید تنازعات کا متحمل نہیں ہوسکتا اور اسے غیر ملکی تنازعات کا میدانِ جنگ نہیں بننا چاہیے۔‘
ان واقعات میں بن غازی کے بحری اڈے پر لنگر انداز ایک روسی بحری جہاز میں دھماکا بھی شامل ہے۔ مشرقی لیبیا میں قائم حکومت کے مطابق شبہ ہے کہ یہ دھماکا ڈرون حملے کے نتیجے میں ہوا۔
طبی ذرائع کے مطابق واقعے میں روسی اور لیبیا کے شہریوں سمیت 10 افراد معمولی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنے والی کمپنی ’وینٹور‘ نے جہاز کی شناخت روسی بحریہ کے جنگی جہاز ’مرکوری‘  کے طور پر کی ہے۔
اتوار کو لی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کا بیشتر حصہ الٹ کر پانی میں ڈوب چکا تھا اور صرف اس کا اگلا حصہ سطحِ آب سے اوپر دکھائی دے رہا تھا، جبکہ بندرگاہ کی جیٹی کے اطراف دھواں اور ملبہ بھی موجود تھا۔

شیئر: