Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرۃ الراس الابیض نیچر ریزرو محفوظ علاقوں کی عالمی فہرست میں شامل

حرۃ الراس الابیض نیچر ریزرو کی رجسٹریشن ماحول کی بحالی کے 10 سالہ منصوبے کا حصہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
رائل کمیشن فار العلا (آر سی یو) نے جنگلی حیات کے قومی مرکز کے ساتھ مل کر مدینہ ریجن کی گورنریٹ خیبر میں واقع ’حرۃ الراس الابیض‘ نیچر ریزرو کو محفوظ علاقوں کے قومی ڈیٹا بیس اور عالمی ڈیٹا بیس دونوں میں باقاعدہ رجسٹر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اہم کامیابی اس ریزرو کی منفرد قدرتی زندگی اور نایاب جغرافیائی ساختوں کو محفوظ بنانے کی کوششوں کو مضبوط کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق 600 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا یہ علاقہ کمیشن کے محفوظ علاقوں کے نیٹ ورک میں چھٹا نیچر ریزرو ہے جس کا کل رقبہ 12107 مربع کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کی عالمی رجسٹریشن ان مسلسل کوششوں کو ظاہر کرتی ہے جو ان علاقوں کو وسعت دینے، قدرتی اثاثوں کو محفوظ کرنے اور سائنسی طریقوں کے ذریعے ان کا بہتر انتظام کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
یہ ریزرو ’حرۃ خیبر‘ کے علاقے میں واقع ہے جو جزیرہ نمائے عرب کے سب سے بڑے آتش فِشانی میدانوں میں سے ایک ہے۔ یہاں کالے چٹانی میدانوں کے ساتھ سفید آتش فِشاں موجود ہیں جو ایک شاندار قدرتی منظر پیش کرتے ہیں۔ یہ سفید آتش فِشاں ایک خاص قسم کے آتش فِشانی پتھروں کی وجہ سے اپنا رنگ حاصل کرتے ہیں جو انہیں آس پاس کے علاقے سے الگ بناتا ہے۔
حرۃ خیبر میں تین نایاب سفید آتش فِشاں، جبل البيضاء، جبل الابيض اور جبل المنصف موجود ہیں جو اس علاقے کی جغرافیائی اہمیت اور آتش فِشانی تاریخ کی تحقیق کے لیے بہت اہم ہیں۔
یہ نیچر ریزرو قدرتی ماحول کی حفاظت کی عالمی تنظیم کی زمرہ بندی کے تحت آتا ہے جس کا مقصد قدرتی خصوصیات، حیوانی و نباتاتی زندگی اور قدرتی مساکن کی حفاظت کرنا ہے۔
اس علاقے میں ’ام جرسان‘ غار بھی واقع ہے جو سعودی عرب کے طویل ترین لاوا ٹیوب سسٹمز میں سے ایک ہے اور اس کی لمبائی تقریباً 1481 میٹر ہے۔
ابتدائی سروے کے مطابق اس علاقے میں پودوں کی 99، ممالیہ جانوروں کی 14، رینگنے والے جانوروں کی 18 اور پرندوں کی 59 اقسام ریکارڈ کی گئی ہیں جن میں نایاب اور خطرے سے دوچار مصری گدھ بھی شامل ہے۔ سروے میں پہاڑی بکریوں کے لیے مناسب ماحول کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس علاقے کی جانوروں اور پودوں کی زندگی کا ڈیٹا مرتب کرنے کا کام مسلسل جاری ہے۔

اس ریزرو کی ترقی اور تحفظ کا کام 2022 سے 2024 کے درمیان عالمی ماحولیاتی تنظیم کے تعاون سے کیے گئے جائزہ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں 2024 سے 2029 تک کے لیے ایک انتظامی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جو اس علاقے کی قدرتی اور ثقافتی اہمیت کی حفاظت کے لیے فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
کمیشن اس علاقے کی بین الاقوامی سطح پر مزید پذیرائی کے لیے کوشاں ہے جن میں یونیسکو کے عالمی جیو پارک اور عالمی گرین لسٹ کے معیارات پر پورا اترنے کی کوششیں شامل ہیں۔ یہ اقدامات علاقے کے جغرافیائی ورثے کو محفوظ بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

اس ریزرو کی رجسٹریشن ماحول کی بحالی کے 10 سالہ منصوبے کا حصہ ہے جو قدرتی مساکن، حیاتیاتی تنوع اور جغرافیائی ورثے کے تحفظ کے لیے جاری ہے۔ یہ تمام کوششیں ’سعودی گرین انیشیٹیو‘ کے اس ہدف سے ہم آہنگ ہیں جس کے تحت 2030 تک سعودی عرب کے 30 فیصد زمینی اور سمندری علاقوں کو محفوظ بنانا ہے۔

 

شیئر: