Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’اوورسیز کمیشن میں پاکبانوں کے مسائل فوری حل کئے جاتے ہیں‘‘

طائف(ابوعلی بڈانی) سیل کیبر طائف مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری چوہدری غلام مصطفی نے ایم این اے و پارلیمانی سیکریٹری پانی وبجلی حاجی اظہر قیوم ناہر اور اوورسیز کمیشن پنجاب کے اہم ممبر حاجی محمد نواز کے اعزاز میں فائیو اسٹار ہوٹل میں استقبالیہ دیا۔ جس میں طائف ، سیل کبیر، مکہ مکرمہ اور جدہ سے اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر حاجی اظہر قیوم ناہرا نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کر رہا ہے۔ اندرونی و بیرونی دشمن میاں محمد نواز شریف کے خلاف سازش کر رہے ہیں لیکن ان شاء اللہ ہمیشہ کی طرح انہیں منہ کی کھانی پڑے گی اور نواز شریف ہی بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیاب ہو کر اقتدار سنبھالیں گے اور دشمن عناصر تکتے رہ جائیں گے۔ انہو ںنے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر کافی کنٹرول کر لیا گیا ہے، 2018ء تک اس کا خاتمہ ہو جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ دہشت گردی اور چوری ڈکیتی کی وارداتیں ختم ہونے کا نام نہیں لیتی تھیں لیکن الحمدللہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے کافی حد تک ان پر کنٹرول کر لیا ہے۔ پہلے بدامنی کی وجہ سے لوگ کاروبار کے لئے بیرون ملک منتقل ہونے کو ترجیح دے رہے تھے لیکن اب ایسانہیں ہے۔ تاجر برادری جتنی پاکستان کو ترجیح دے رہی ہے۔ بزنس کے لئے اتنی کسی اور ملک کو نہیں دے رہی۔ اب ہمارے ملک پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ سی پیک منصوبے کو کامیاب اور جلد مکمل کرنے کے لئے میاں محمد نواز شریف نے دن رات ایک کر دیا ہے۔ حاجی اظہر قیوم ناہرا نے کہا کہ میاں برادران کے دور حکومت میں جنوبی پنجاب میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں ا ن کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کے ساتھ حکومت کی کوئی دشمنی نہیں ہے لیکن اس نے قانون اپنے ہاتھ میں لیا ہے جس کا فیصلہ اب عدالت کرے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے اپنے رشتہ داروں اور دوسرے قبضہ گروپس نے تنگ کر رکھا تھا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اوورسیز کمیشن کی بنیاد رکھی۔ جہاں پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل قانون طور پر فوری حل کئے جاتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں میزبان چوہدری غلام مصطفی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ حاجی محمد نواز نے ملک کی ترقی وکامرانی کے لئے دعا کرائی۔ تقریب میں مسلم لیگ ن طائف کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عارف، زاہد گجر، رانا حسن ، پاکستان میڈیا کونسل کے چیئرمین ممتاز احمد بڈانی ، رزاق احمد ، چوہدری محمد بوٹا، انجینیئر عبدالباسط کے علاوہ کثیر تعداد میں کمیونٹی نے شرکت کی۔

شیئر: