سہ فریقی سیریز: پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف لنکن سکواڈ کا اعلان، کوشال مینڈس کپتان
سہ فریقی سیریز: پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف لنکن سکواڈ کا اعلان، کوشال مینڈس کپتان
اتوار 4 اکتوبر 2026 12:19
تجزبہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کوشال مینڈس سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کپتانی کریں گے (فوٹو: گیٹی)
سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان میں ہونے والی آئندہ سہ فریقی سیریز کے لیے 16 رُکنی ون ڈے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جو 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم مرحلہ ہے۔
سہ فریقی سیریز کے لیے سری لنکا کا ون ڈے سکواڈ
سری لنکن سکواڈ میں کوشال مینڈس (کپتان)، سہان آراچگے، دشمنتھا چمیرا، سچندو کولمباج، اویشکا فرنینڈو، اسیتھا فرنینڈو، جینتھ لیانگے، دلشان مدوشنکا، ایشان ملنگا، کمنڈو مینڈس، کامل مشارا، پاتھم نسانکا، پاوان رتھنائیکے، داسن شناکا، مہیش تھیکشانا اور دونیتھ ویلالاگے شامل ہیں۔
کپتان کوشامل مینڈس کی قیادت میں سکواڈ میں تجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ وائٹ بال کرکٹ کے اُبھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ سری لنکا آئندہ عالمی ایونٹ سے قبل اپنی ٹیم کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
اوپننگ بلے باز پاتھم نسانکا کو 16 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم ان کی ٹیم کے ساتھ روانگی مشروط ہے۔ وہ اسی صورت میں ٹیم کے ساتھ سفر کریں گے جب انہیں طبی طور پر کھیلنے کے لیے فٹ قرار دیا گیا۔
سری لنکن سکواڈ میں تجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ وائٹ بال کرکٹ کے اُبھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑی بھی شامل ہیں (فوٹو: آئی سی سی)
سری لنکا کے ٹاپ آرڈر میں اویشکا فرنینڈو، کامل مشارا اور پاوان رتھنائیکے شامل ہیں، جبکہ مڈل آرڈر میں سہان آراچِگے، کمنڈو مینڈس اور جینتھ لیانگے موجود ہیں۔ سابق کپتان داسن شناکا آل راؤنڈ صلاحیتوں کے ساتھ ٹیم کو اپنا تجربہ فراہم کریں گے، جبکہ سپن باؤلنگ آل راؤنڈر دونیتھ ویلالاگے بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
بولنگ اٹیک کی قیادت مہیش تھیکشانا اور لیگ سپنر سچندو کولمباج کریں گے، جبکہ فاسٹ بالنگ کے شعبے میں دشمنتھا چمیرا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا اور ایشان ملنگا شامل ہیں۔
میزبان پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز مکمل ہونے کے بعد سری لنکا پاکستان اور انگلینڈ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے تیاری کرے گا، جس کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا۔