شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘نے اُس وقت ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا جب اُس نے صرف دو دنوں میں 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔ اُن کی فلم ’جوان‘ نے بھی کچھ ایسے ہی کاروبار کیا اور یہ جادوئی کارنامہ انجام دیا۔
پھر رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ نے ایک نیا ریکارڈ بنایا لیکن فلم 'دھورندھر 2' نے ِان سب کو پیچھے چھوڑ دیا لیکن کسی فلم کی آخری قسط کے لیے اس سے بہتر الوداع شاید ہی ہو جیسا کہ کہ اداکار اجے دیوگن کی فلم ’دریشیم: دی کنکلوژن‘ نے دکھایا ہے۔
اِس فلم نے سنیما گھروں میں آمد کے صرف دو دن میں انڈین باکس آفس پر 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔
2 اکتوبر کو انڈیا کے ’بابائے قوم‘ مہاتما گاندھی کے یوم ولادت کے موقع پر ریلیز ہونے والی ہدایت کار ابھیشیک پاٹھک کی اس فلم نے پہلے ہی دن زبردست آغاز کیا اور دوسرے دن یعنی سنیچر کو بھی باکس آفس پر اپنی گرفت ڈھیلی نہیں پڑنے دی۔
مزید پڑھیں
تجارتی ویب سائٹ سیکنِلک کے اعداد و شمار کے مطابق فلم نے پہلے دن تقریباً 62 کروڑ روپے کی کمائی کی، جبکہ دوسرے دن اس کے کھاتے میں مزید 53.50 کروڑ روپے آئے۔
یوں دو دن میں اس کا مجموعی کلیکشن 115.50 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ دوسرے دن فلم کے کاروبار میں پہلے دن کے مقابلے میں تقریباً 13.7 فیصد کمی آئی، لیکن 53.50 کروڑ روپے کا مجموعہ اس بات کی علامت ہے کہ فلم نے اپنی ابتدائی رفتار برقرار رکھی ہے۔
اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق دوسرے دن سینما گھروں میں مجموعی نشستوں کا استعمال 46.1 فیصد رہا۔
دی اکنامک ٹائمز کے مطابق دنیا بھر میں اس فلم کی کمائی کی رفتار بھی متاثر کن رہی۔ دو دن کے اختتام پر اس کا عالمی مجموعہ تقریباً 177.10 کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔
اتوار کو شام چار بجے تک فلم نے 29.61 کروڑ روپے کا مزید کاروبار کیا اور یوں یہ مجموعی طور پر اب تک 145.11 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’دریشیم: دی کنکلوژن‘ صرف ایک کامیاب فلم ہی نہیں بلکہ یہ اجے دیوگن کے کیریئر کی سب سے بڑی افتتاحی فلم بھی بن چکی ہے۔
بزنس ٹوڈے کے مطابق پہلے دن تقریباً 62.03 کروڑ روپے کی مجموعی کمائی کے ساتھ اس نے ’سنگھم اگین‘ کا 43.70 کروڑ روپے کا سابقہ افتتاحی ریکارڈ نمایاں فرق سے توڑ دیا ہے۔
یہ کامیابی اس لیے بھی معنی رکھتی ہے کہ ’دریشیم‘ کوئی عام فلمی سیریز نہیں۔ سال 2015 میں نشی کانت کامت کی ہدایت میں اجے دیوگن نے وجے سالگاؤںکر کا کردار نبھایا تھا، جو اپنے خاندان کو ایک مشکل صورتِ حال سے بچانے کے لیے غیر معمولی ذہانت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ سال 2022 میں ’دریشیم 2‘ نے اسی کہانی کو آگے بڑھایا اور اب ابھیشک پاٹھک نے تیسری اور آخری قسط کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔

اس مرتبہ اجے دیوگن کے ساتھ تبو، شریا سرن، ایشیتا دتا، مرنال جادھو، پرکاش راج اور جے دیپ اہلاوٹ اہم کرداروں میں ہیں۔ اداکار جے دیپ اہلاوٹ کی موجودگی نے فلم کو خاص طور پر نئی شدت عطا کی ہے۔ ’دریشیم: دی کنکلوژن‘ کو ہندی فرنچائز کا آخری باب قرار دیا جارہا ہے اور یہی بات ناظرین میں تجسس بڑھانے کی ایک بڑی وجہ بنی ہے۔
دو دن میں 115.50 کروڑ روپے کی کمائی نے ’دریشیم: دی کنکلوژن‘ کو ہندی فلموں کے اُس خصوصی کلب میں پہنچا دیا ہے جہاں 100 کروڑ روپے کا ہندسہ صرف دو دن میں عبور کیا گیا۔ سکنلک کی تیز ترین 100 کروڑ نیٹ کمائی کرنے والی ہندی فلموں کی فہرست میں شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘، ’جوان‘، رنبیر کپور کی ’اینیمل‘ اور سلمان خان کی ’ٹائیگر 3‘ شامل ہیں جنہوں نے دو دن کے اندر یہ سنگ میل حاصل کیا ہے۔
’پٹھان‘ نے دو دن میں تقریباً 123 کروڑ روپے، ’اینیمل‘ نے 113.12 کروڑ، ’جوان‘ نے 111.73 کروڑ اور ’ٹائیگر3‘ نے تقریباً 101 کروڑ روپے نیٹ کمائے تھے۔ اس اعتبار سے ’دریشیم: دی کنکلوژن‘ کا 115.50 کروڑ کا دو روزہ مجموعہ اسے اس خصوصی فہرست میں نمایاں مقام دلاتا ہے۔
اس فہرست میں ایک تازہ اور بڑا نام بھی شامل ہے اور یہ فلم 'دھورندھر 2: دی ریوینج‘ کا ہے۔ اس نے 100 کروڑ کا ہندسہ دو دن میں نہیں بلکہ پہلے ہی دن عبور کرلیا تھا، اور سکنلک کے مطابق ایک دن میں اس کا نیٹ کاروبار 142.10 کروڑ روپے رہا۔
البتہ یہاں یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ جنوبی ہند کی فلم ’پشپا 2: دی رول‘ اور ’کے جی ایف چیپٹر 2‘ بھی دو دن میں 100 کروڑ سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلموں میں شامل ہیں۔
یہ اگرچہ خالصتاً بالی وڈ فلمیں نہیں لیکن ان کے ہندی ورژن نے انڈین مارکیٹ میں غیر معمولی کاروبار کیا۔ سیکنِلک کے مطابق ’پشپا ‘ کے ہندی ورژن نے دو دن میں 127.20 کروڑ جبکہ ’کے جی ایف چیپٹر 2‘ کے ہندی ورژن نے 100.74 کروڑ روپے کا نیٹ کاروبار کیا تھا۔













