کچلاک: جناح پیپلز ٹرین کا انجن افتتاح کے ایک ہفتے بعد ہی پٹڑی سے اُتر گیا
اتوار 4 اکتوبر 2026 15:45
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
کوئٹہ میں قریباً ایک ہفتہ قبل شروع کی گئی جناح پیپلز ٹرین کا انجن کچلاک ریلوے سٹیشن کے یارڈ میں پٹڑی سے اُتر گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ریلوے حکام کے مطابق اتوات کو انجن نمبر 5120 معمول کی شنٹنگ کے دوران لائن نمبر 3 پر ریورس کرتے ہوئے پٹڑی سے اُترا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فِش پلیٹ کی چوری کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
تاہم کچلاک پولیس کے ایک عہدے دار کی جانب سے ریلوے حکام کی جانب سے فِش پلیٹ یا نٹ بولٹ چوری ہونے کے دعوے کو مسترد کیا گیا ہے۔
بتایا ہے کہ ٹریک کے نیچے لگے لکڑی کے سلیپر بوسیدہ اور ناقص حالت میں تھے جس کے باعث پٹڑی بیٹھنے سے انجن پٹڑی سے اُترا۔ واقعے کے بعد ریلوے کی جانب سے سلیپر تبدیل کرنے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق متبادل انجن فراہم کرکے ٹرین کو صبح 10 بج کر 15 منٹ پر کچلاک سے سریاب روانہ کیا گیا جو ساڑھے 11 بجے سریاب پہنچ گئی، جبکہ پٹڑی سے اُترنے والے انجن کو بھی دوبارہ ٹریک پر چڑھا دیا گیا۔
جناح پیپلز ٹرین سروس سریاب سے کچلاک تک 32 کلومیٹر فاصلے کے لیے شروع کی گئی ہے جس کے لیے صوبائی حکومت نے قریباً تین ارب روپے خرچ کیے ہیں۔
منصوبے میں ریلوے سٹیشنز کی تعمیر و مرمت اور ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن شامل تھی۔
عوامی حلقوں نے واقعے کا نوٹس لے کر ٹریک کے معیار اور ریلوے حکام کی غفلت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
