Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چار پہیوں والی جدید موٹر بائیک جو 50 میل فی گھنٹے کی رفتار سے اڑتی بھی ہے

پیرس- - - - - پیرس کے بین الاقوامی ایئر شو میں ایک ایسی حیرت انگیز موٹر بائیک پیش کی جارہی ہے جس میں چار پہیئے لگے ہوئے ہیں اور وہ اڑنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایئر کواڈ ون نامی اس بائیک میں سفر کرتے ہوئے تین ہزار فٹ کی بلندی تک جایا جاسکتا ہے اور اڑنے کی رفتار 50 میل فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔ ڈرون کی بدلتی ہوئی شکل کی حامل اس بائیک پر کوئی شخص سوار نہیں ہوسکتا تاہم یہ ایک سو کلوگرام وزن لے کر اڑان بھر سکے گی۔ اسے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ اس چوپایا موٹر بائیک کو ٹرانسپورٹیشن کیلئے بطور خاص استعمال کیا جاسکتا ہے اور ہنگامی حالات میں کرینوں ، ہیلی کاپٹروں اور ایمرجنسی کاروں کا کام بھی اس سے لیا جاسکے گا۔ اڑنے والی اس بائیک کی دیگر خصوصیات یہ ہیں کہ یہ عمودی پرواز کرے گی جس کی تیاری کا سہرا نیواایرو اسپیس کے سر ہے اور یہ مکمل طور پر بجلی سے چلنے اور اڑنے والی بائیک ہے۔ اس کی پرواز کا دورانیہ 20 سے 30 منٹ کے درمیان ہوسکتا ہے۔ اسے بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ہلکے طیارے بھی بنا رہی ہے جس کیلئے اس نے متعلقہ اداروں سے اجازت حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ نیواایرواسپیس کا کہنا ہے کہ نیا طیارہ استعمال شدہ کاربن سے بنایا جائے گا ۔ کمپنی کے چیئرمین ایف ایم رابٹ کا کہنا ہے کہ کمپنی 2013 سے اس بائیک کی تیاری پر کام کررہی تھی اور یقینی طور پر یہ بائیک کافی محفوظ بھی ہے۔

شیئر: