Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہار ،زمین کے تنازع پر بڑے بھائی ، بیوی اور 2بیٹیوں کو جلا کر مارڈالا

پٹنہ------ ریاست بہار میں خاندانی زمین کے تنازع پر چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی اور اسکے اہل خانہ کو زندہ جلا کر مار ڈالا۔ بڑے بھائی کا صرف ایک 12سالہ بیٹا اس ہولناک حادثہ میں زندہ بچ گیا۔ یہ واقعہ ریاست کے ضلع کٹھیار کے تھانہ بارسوئی کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس نے اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق جلی ہوئی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں اور انہیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق کیدار سنگھ اور اس کے چھوٹے بھائی منوج کمار کے درمیان موروثی زمین کو فروخت کرنے کے سلسلے میں تنازع چل رہا تھا۔ دراصل منوج کمار جواری ہے اور وہ مشترکہ موروثی زمین کو فروخت کرنا چاہتا تھا لیکن بڑا بھائی کیدار سنگھ اس کی مسلسل مخالفت کر رہا تھا۔مقامی لوگوں نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی کہ منو ج کمار جواری تھا اور اپنے حصے کو فروخت کرنے کے سلسلے میں اس نے ایک تیسری پارٹی سے سودا بھی کر لیاتھا۔ کٹھیار کے پولیس کپتان سدھارتھ موہن جین نے بتایا کہ منوج کمار نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بڑے بھائی کیدار سنگھ کے گھر پر رات میں دھاوا بول دیا اور گھر کے اس حصے میں آگ لگا دی جہاں کیدار سنگھ ، اس کی اہلیہ پرتیما دیوی اور2 بیٹیاں ڈمپل اور سونی سو رہی تھیں۔ چونکہ اس حصے میں لگا دروازہ اندر سے بند تھا لہذا منوج نے دروازہ باہر سے بھی بند کر دیا۔ چاروں افراد میں سے ماں اور دونوں بیٹیاں موقع پر ہی جل کر ہلاک ہو گئیں جبکہ کیدار ناتھ نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں کیدار ناتھ کا اکلوتا بیٹا 12سالہ لکشمن بچ گیا کیونکہ وہ دوسرے کمرے میں سو رہا تھا جو آگ کی زد میں نہیں آیا۔ منوج کمار فرار ہو گیا ہے جبکہ گاؤں والوں نے پولیس میں اس کیخلاف اپنے بیان درج کرا دیئے ہیں۔ پولیس نے بھی اکلوتے بیٹے لکشمن کمار کی شکایت پر ملزم منوج کمار کیخلاف قتل کا مقدمہ قائم کر لیاہے۔ لکشمن نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اسکے چچا منوج کمار نے ہی اسکے والدین اور بہنوں کو جلا کر مار ڈالا کیونکہ وہ مشترکہ زمین فروخت کرنے کیلئے اسکے باپ پر دباؤ ڈال رہا تھا اور اسے مارنے کی کئی بار دھمکیاں بھی دی تھیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ پتہ چلا ہے کہ ملزم منوج کمار پڑوسی ریاست مغربی بنگال فرار ہو گیا ہے۔ کٹھیار پولیس نے اس واقعہ کی اطلاع بنگال پولیس کو بھی کر دی ہے اور اس سے ملزم کو گرفتار کرنے میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

شیئر: