Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غریب کا بیٹا سینیٹ میں پہنچا،سعید غنی

اسلام آباد... سندھ اسمبلی کے نو منتخب رکن سینیٹر سعید غنی سینیٹ میں اپنے آخری خطاب کے دوران آباو اجداد کی غربت کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔تقریر روک کر اپنے آنسو خشک کر تے رہے۔ارکان نے ڈیسک بجا کر ایوان سے رخصت کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ میرا تعلق انتہائی غریب خاندان سے تھا ۔مزدور باپ دادا کے بیٹے کا سینیٹ میں پہنچنا اعزاز ہے۔ بہت غریب خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔ میرے دادا مزدوری کرتے تھے۔ بڑی مشکل سے انہوں نے میرے والد کو تعلیم دلائی۔ تعلیم کے حصول کے دوران بھی میرے والد مزدوری کرتے تھے۔ میٹرک کی فیس جمع کرانے کا وقت آیا تو میری دادی نے اپنے کپڑے اور چھوٹی چھوٹی چیزیں بیچ دیں۔ میرے والد نے گریجویشن کے بعد ماسٹرز کیا۔ بینک کی ملازمت کی پھر ٹریڈ یونین کا حصہ بن گئے۔ ملک کے عوام کو پتہ چلنا چاہئے کہ غریب لوگ بھی اس ایوان میں پہنچ سکتے ہیں۔ ہم نے اپنی اوقات کبھی نہیں بھولی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد کا قول تھا کہ اپنے محسن کو کبھی نہ بھولو۔ میرے والد کو جب بینک میں ملازمت ملی توسیکیورٹی ڈیپازٹ جمع کرانے کے لئے 100 روپے بھی نہیں تھے۔ ایک پڑوسی سے لے کر جمع کرائے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں مجھے پیسے کی بہت پیشکش ہوئی لیکن میرے والد کی باتیں میرے پیروں کی زنجیریں اور ہاتھ کی ہتھکڑیاں ہیں۔ میں نے اپنے والد کی عزت کی لاج آج تک رکھی ہوئی ہے۔

 

شیئر: