Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطیف: فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ ضبط

ریاض: سعودی سیکیورٹی اہلکاروں نے قطیف کمشنری کے سیہات نامی علاقہ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک شدگان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ضبط ہوا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہ کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انسداد دہشت گردی کے اداروں کو اطلاع ملی کہ تھی کہ سیہات علاقہ کے الزہور محلے میں 3مطلوب دہشت گردی موجود ہیں۔ ان کے پاس کرولا کار تھی جس کے چوری ہونے کی رپور ٹ درج کروائی گئی ہے ۔ گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی غلط ہے۔ جن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی وہ جعفر بن حسن مکی آل مبیرک ہے جو سعودی شہری ہے اور جس کا نام مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں 29محرم 1438ھ میں شامل کیا گیا تھا۔دوسرے دہشت گرد کا نام حسن بن محمود علی ابو عبد اللہ ہے جو بحرینی شہری ہے اور جو مطلوب افراد کی فہرست میں ہے جبکہ تیسرا دہشت گرد صاف عبد اللہ مہدی آل درویش تھا جو سعودی شہری ہے۔ترجمان نے بتایا کہ تینوں مطلوب دہشت گرد متعدد جرائم میں ملوث تھے۔ انہوں نے متعدد مواقع پر فائرنگ کرکے کئی سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔ علاوہ ازیں قطیف کمشنری میں رقوم لے جانے والی گاڑی کو بھی لوٹا تھا اور کئی شہریوں کو اغوا کیا تھا۔ وہ اسلحہ کی غیر قانونی خرید وفروخت میں بھی ملوث تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں گھیر لیااور خود کو حوالے کرنے کامطالبہ کیا۔ اس پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی کے دوران تینوں مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران راہ گیروں میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا نیز سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی کار میں 10کلو دھماکہ خیز مواد کے علاوہ 3مشین گنیں ، پسٹل اور گولیاں برآمد ہوئیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کوئی تخریبی کارروائی کرنے جارہے تھے۔ وزارت داخلہ مذکورہ کارروائی کے متعلق مزید تفتیش کر رہی ہے۔
 
 
 
 
 

شیئر: