Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آندھرا: گئو شالہ میں چارہ اور پانی نہ ملنےسے 30 مویشی مر گئے

حیدرآباد( ابو حمید) ریاست آندھرا پردیش کی ایک سرکاری گئوشالہ میں چارہ اور پانی نہ ملنے کے باعث گایوں سمیت 30 مویشی مر گئے۔ یہ واقعہ ریاست کے ضلع مشرقی گوداوری کے کاکی ناڈا میں واقع انسداد اذیت مویشی سوسائٹی کے زیر انتظام چلنے والی گئوشالہ میں پیش آیا جو ریاستی حکومت کے ماتحت ہے۔ محکمہ مویشی پروری کے ڈائریکٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ ایک گئو شالہ میں گنجائش سے زیادہ مویشی بندھے ہوئے تھے جن کو چارہ اور پانی فراہم نہیں کیا جاتا تھا۔ یہی نہیں بلکہ گئو شالہ ، جس میں 200 مویشیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے صفائی ستھرائی کا بھی کوئی انتظام نہیں تھا۔ مقامی لوگوں کی شکایت پر اس گئو شالہ کا معائنہ کیا گیا تو وہاں پر گایوں سمیت متعدد جانور مردہ پڑے ہوئے تھے۔ یہ مردہ جانور گوبر اور دیگر گندگی میں لتھڑے ہوئے تھے جن سے تعفن اٹھ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ منگل اور بدھ2 دنوں میں 18 مردہ جانور گئو شالہ سے برآمد کئے گئے جبکہ اطلاع کے مطابق تقریباً 12 مردہ جانور3 روز قبل گئو شالہ سے نکالے گئے تھے اس طرح مجموعی طور پر گئو شالہ کے 30 مویشی چارہ اور پانی نہ ملنے کے باعث مر گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیاگیا ہے اور گئو شالہ میں مویشیوں میں مرنے کی رپورٹ ریاستی حکومت کو روانہ کردی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گئوشالہ کے تقریباً 400 مویشیوں کی حالت چارہ نہ ملنے کے باعث کافی خراب ہے جن کو محفوظ جگہ منتقل کیا جاچکا ہے۔

شیئر: