جدہ ( اسٹاف رپورٹر ) مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی اکیڈمی کے صدربہجت ایوب نجمی نے کہا ہے کہ پاک و ہند سے آنے والے عازمین اہم امور کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ بنیادی دینی معلومات نہ ہونے کے سبب اکثر عازمین غلطیاں کر بیٹھتے ہیں ۔ وہ اردونیوز سے خصوصی گفتگوکررہے تھے ۔ نجمی نے بتایا کہ امسال انکی اکیڈمی کی جانب سے عازمین حج کو 75 ہزار تحائف جن میں دستی جائے نماز ، عطر کی شیشی ، تغرے ، دینی معلومات پر مبنی کتابچے اور تحائف تقسیم کریں گے ۔ سیوہاروی اکیڈمی کے تحت مکہ مکرمہ میں عازمین کی عمارتوں میں تحائف اور معلوماتی کتابچوں کی تقسیم کا آغاز 5 اگست سے کیا جائے گا ۔ ایک سوال پر بہجت نجمی کا کہنا تھا کہ مقامی اداروں کی جانب سے انکے ساتھ بھر پور تعاون کیا جاتا ہے ۔ پاکستان حج مشن سے درخواست ہے کہ وہ اس فلاحی کام میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ منظم طریقے سے اس فلاحی کام کو انجام دیا جاسکے ۔ تحائف کی تقسیم کے بارے میں بہجت نجمی کا کہنا تھا کہ ہر برس کی طرح امسال بھی تقسیم مقررہ کوٹے کے مطابق کی جائے گی جس میں 30 فیصد پاکستان ، 30 فیصدہندوستان اور 40 فیصد دیگر ممالک کے عازمین کا ہو گا ۔ انکا کہنا تھا کہ سیوہاروی اکیڈمی کے تحت امسال مکہ مکرمہ میں تحائف کی تقسیم کے کام میں 20رضاکار شامل ہونگے جن میں خواتین بھی شامل ہیں ۔ہماری کوشش ہو تی ہے کہ یومیہ 5 ہزار افراد میں تحائف تقسیم کر سکیںجس کیلئے روزانہ ہماری ٹیم مکہ مکرمہ جاتی ہے ۔کوشش ہے کہ آئندہ برس سے مدینہ منورہ اور حج ٹرمنل پر بھی عازمین کی خدمت کی جاسکے ۔سیوہاروی اکیڈمی کے تحت عازمین حج کو ابتدائی اور اہم معلومات بھی مہیا کرتے ہیں تاکہ انہیں دوران سفر حج کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ نجمی کا کہنا تھا کہ عام طور پر پاک وہند کی خواتین عازمین حج کانچ کی چوڑیاں پہن کر طواف کے لئے آتی ہیں جو رش میں ٹوٹ جاتی ہے جس نے ہاتھ زخمی ہو جاتے ہیں ۔ عازم حج خواتین کانچ کی چوڑیوں سے اجتناب برتیں اور رہائشی عمارتوں میں گیس سیلنڈر استعمال کرتے وقت خصوصی احتیاط کریں ۔ مشاعر مقدسہ کے احترام و تقدس کا ہر طرح سے خیال رکھیں ۔