Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشتعل بھیڑ کے ہاتھوں گئو رکشکوں کی پٹائی،7زخمی

پونے۔۔۔۔ مہاراشٹر کے ضلع احمدنگر میں گئو رکشکوں کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہفتہ کی شام تقریباً50لوگوں کی مشتعل بھیڑ نے شری گونڈا پولیس اسٹیشن کے پاس گئو رکشکوں پر حملہ کردیا۔ حملہ اس وقت ہواجب گئو رکشکوں نے بیف کے شبہ میں ایک آٹو رکشہ کو روکا ۔ احمد نگر پولیس نے بتایا کہ حملہ میں 7گئو رکشک زخمی ہوگئے۔آٹورکشہ کے مالک وحید شیخ اور ڈرائیورراجو شیخ کو بھی مہاراشٹر جانور تحفظ ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق راجندر سوامی مویشی منڈی سے غیر قانونی جانوروں کی نقل وحمل اور ذبیحہ جانوروں کی شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کراتے رہتے ہیں۔سوامی کے مطابق شام 6بجے 50لوگوں کی مشتعل بھیڑ آئی اور ان پر حملہ کردیا ۔اس میں کئی کارکن زخمی ہوگئے۔ سوامی نے الزام لگایا کہ حملہ آور سونے کی چین بھی چھین کر لے گئے تاہم اسی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور بھیڑ کو منتشر کردیا۔احمد نگر کے ڈی ایس پی سدرشن منڈے نے کہا کہ سوامی کے ذریعے درج کرائی گئی رپورٹ کی بنیاد پر 30افراد کے خلاف دفعہ 307کے تحت کیس درج کرلیا گیااورملزمان کو گرفتار کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

شیئر: