Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ گلیکسی ایس 27 الٹرا کی تفصیلات لیک، بڑے اپ گریڈز متوقع

گلیکسی ایس 27 الٹرا کے بنیادی رنگ بلیک، بلیو، لائٹ پنک اور وائٹ ہوں گے۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
سام سنگ نے ابھی تک گلیکسی ایس 27 الٹرا باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا تاہم فون کے رنگوں، ڈیزائن اور ہارڈویئر سے متعلق متعدد لیکس سامنے آچکے ہیں۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات دینے والے معروف ٹپسٹر ’آئس یونیورس‘ کے مطابق گلیکسی ایس 27 الٹرا کے بنیادی رنگ بلیک، بلیو، لائٹ پنک اور وائٹ ہوں گے۔
گلیکسی ایس 26 الٹرا کے بنیادی رنگوں میں بلیک، کوبالٹ وائلٹ، سکائی بلیو اور وائٹ شامل تھے، جبکہ پنک گولڈ اور سلور شیڈو رنگ سام سنگ کی ویب سائٹ پر دستیاب تھے۔
ایس 27 الٹرا کے ممکنہ بنیادی رنگوں میں وائلٹ شامل نہیں، تاہم اسے کسی خصوصی رنگ کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان موجود ہے۔
رنگوں کے علاوہ فون کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی اطلاعات ہیں۔
لیکس کے مطابق ایس 27 الٹرا کے پچھلے حصے میں کیمرا ماڈیول کو نئے انداز میں ڈیزائن کیا جا سکتا ہے، جبکہ کیمروں کی پوزیشن بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
کیمرا سیٹ اپ میں 3 ایکس ٹیلی فوٹو کیمرا ختم کیے جانے جبکہ 5 ایکس ٹیلی فوٹو کیمرا برقرار رکھنے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ مین کیمرا میں نیا 200 میگا پکسل سینسر دیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
کیمرا کی پروسیسنگ میں بھی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے، جس سے کم روشنی میں تصاویر کا معیار بہتر اور شور کم ہونے کا امکان ہے۔

گلیکسی ایس 27 الٹرا کی رونمائی 2027 کے آغاز میں متوقع ہے، تاہم سام سنگ نے ابھی تک باضابطہ تصدیق نہیں کی۔(فوٹو:جی ڈی)

بیٹری کے حوالے سے بھی بڑے اپ گریڈ کی اطلاعات ہیں۔
چین کی 3C سرٹیفکیشن کے مطابق فون کی بیٹری کی ریٹڈ صلاحیت 5,534 ایم اے ایچ ہے، جسے تقریباً 5,700 ایم اے ایچ کی عام صلاحیت کے طور پر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ فون میں 60 واٹ وائرڈ فاسٹ چارجنگ بھی دی جا سکتی ہے۔
پروسیسر کے لیے کوالکوم کے سنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ ایکسٹریم جین 6 چپ سیٹ کے استعمال کی اطلاعات ہیں، جبکہ ڈسپلے کے حوالے سے نئے ایم 16 او ایل ای ڈی پینل، تقریباً 6.89 انچ سکرین اور 165 ہرٹز ریفریش ریٹ کی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔
گلیکسی ایس 27 الٹرا کی رونمائی 2027 کے آغاز میں متوقع ہے، تاہم سام سنگ نے ابھی تک فون کی لانچ تاریخ، قیمت یا ان خصوصیات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ اس لیے سامنے آنے والی تمام تفصیلات کو فی الحال لیکس اور ابتدائی رپورٹس کے طور پر ہی دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر: