Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان قونصلیٹ کے زیر اہتمام آم میلہ

جدہ (رپورٹ و تصویر :ارسلان ہاشمی ) جشن آزادی کے حوالے سے پاکستان قونصلیٹ کے زیر انتظام آم میلے کا انعقاد مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا گیا۔ مہمان خصوصی وزارت خارجہ مکہ ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سامی جمال عبداللہ تھے جبکہ مختلف ممالک کے قونصل جنرل اور سفارتکار وں کے علاوہ سعودی تاجروں اور پاکستانی کمیونٹی کی چیدہ چیدہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ۔ قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو 70 ویں جشن آزادی کی مبارک باددیتے ہوئے قیام پاکستان کے تاریخی پس منظر کو بیان کیا ۔ شہریار اکبر نے مزید کہا کہ برصغیر کے مسلمانو ںنے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے خواب کو حقیقت کاروپ دیا اور ہمیں آزاد وطن ملا ۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ہمیشہ مثالی تعاون پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ آم میلے کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ میلے کے انعقاد کا بنیادی مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات میں اضافہ ہے ۔ آم کو پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے ۔ پاکستان میں آم کی 1600 اقسام کاشت کی جاتی ہیں ۔ پاکستانی آم دنیا بھر میں بے انتہا مقبول ہیں ۔ قبل ازیں کمرشل قونصلر شہزاد احمد نے پاکستانی آموں کے بارے میں حاضرین کو مختصرطور پر مطلع کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں خاص بات یہ ہے کہ عشائیہ میں رکھی گئی تمام ڈشز کی تیاری میں آموں کا استعمال کیا گیا ہے ۔ حاضرین کو پاکستانی آموں کے بارے میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔ تقریب کے اختتام سے قبل مہمان خصوصی نے قونصل جنرل اور دیگر سفارتکاروں کے ساتھ ملکر کیک کاٹا ۔

شیئر: