Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی وزیرستان سے حقانی نیٹ ورک کا صفایا کردیا، فوجی ترجمان

راولپنڈی...پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان پر دہشتگردوں کی حمایت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے بعد حقانی نیٹ ورک کا وہاں سے صفایا کردیا ۔اگر پاکستان دہشتگردوں کی حمایت کرتا تو پھر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے 73ہزار شہریوں اورسیکیورٹی اہلکاروں کی جان کیوں لی جاتی ؟ امریکی فوجی افسران اور اہلکاروں کو حالیہ دورہ پاکستان کے دور ان حقانی نیٹ ورک کے خلاف اقدامات کے شواہد فراہم کئے تھے۔افغانستان اور پاکستان مذاکرات کے ذریعے ہی تمام مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔سرحدی میکنزم کا مقصد صرف دہشتگردوں کو دونوں ممالک میں داخل ہونے سے روکنا ہے ۔افغانستان کو تحفظات ہیں تو بتایا جائے کہ تیسرا راستہ کونسا ہے جس سے غیر قانونی آمدورفت روکی جاسکے۔ آئی ایس پی آر میں افغان صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سرحدیں بند کر نا اچھا اقدام نہیں اور نہ مسائل کا حل ہے۔ ایسے فیصلوں سے پاکستان کو بھی نقصان ہوتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے سرحد پر جو میکنزم قائم کیا ہے اس کا مقصد پر امن لوگوں کو سرحد پار کر نے میں مدد فراہم کر نا ہے اس میکنزم کا مقصد صرف دہشتگردوں کو دونوں ممالک میں داخل ہونے سے روکنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ بند کر نا چاہیے ۔

 

شیئر: