Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی ، لکھنؤ ، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں عیدالاضحی جوش و خروش سے منائی گئی

    دہلی،لکھنؤ،حیدرآباد- - - - دہلی سمیت ہند بھر میں مسلمانوں نے عیدالاضحی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی۔ دہلی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہی مسجد میں ہوا۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ لکھنؤ ، حیدرآباد ، کولکتہ اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں  مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی۔ حیدرآباد سے نمائندہ اردو نیوز کے مطابق حیدرآباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میرعالم میں دیکھا گیا جہاں تقریبا 3 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی اور بعد ازاں قربانی کی۔ حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔علمائے کرام نے قبل نماز فضائل عید الاضحی بیان کئے اور فلسفہ قربانی کا مکمل طورپر احاطہ کرتے ہوئے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی جانب سے دی گئی قربانی کا تفصیل سے تذکر ہ کیا۔ حیدرآباد کے ساتھ ساتھ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے اضلاع کی سیکڑوں عیدگاہوں اور مساجد میں بھی روح پرور اجتماعات دیکھے گئے ۔لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی پیش کی۔عیدگاہ میرعالم پر تلنگانہ وقف بورڈ اور حکومت کی جانب سے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے گئے تھے۔ عید سے تقریباً ایک ہفتہ پہلے سے صفائی کا انتظام کیا گیا تھا۔نمازیوں کی صفیں عیدگاہ کے باہر کافی دور تک دیکھی گئیں۔نماز عید کے بعد لوگ کثیر تعداد میں قبرستانوںمیں اپنے مرحومین کیلئے ایصال ثواب کیلئے جاتے ہوئے دیکھے گئے۔عید کے موقع پر دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے علاوہ تلنگانہ اور اے پی کے وزرائے اعلیٰ نے بھی اپنی اپنی ریاستوں کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی فلاح وبہبود کیلئے کئے جارہے  اقدامات کا حوالہ دیا ۔عمائدین ملت اور زعمائے ملت نے کہا کہ قربانی دراصل حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے ۔اس کی پیروی پوری امت مسلمہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم واقعہ میں بے پناہ  دعوت و موعظت کے بھی بے شمار پہلو پنہاں ہیں جو ہر دور اور ہر زمانے میں تمام کیلئے مشعل راہ ہیں۔ علما ئے کرام نے کہا کہ نوجوان اپنے دلوں میںاللہ تعالیٰ اور حُب  رسول کو بٹھائیں ۔علمانے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج مسلمانوں کی حالت یہ ہے کہ مسلمان دیگر اقوام کی ٹھوکروںمیںہیں۔انہوںنے دوٹو ک انداز میں واضح کیا کہ مسلمان اپنے عائلی مسائل کو عدالتوں کے بجائے گھروں میں حل کریں۔ اس کیلئے علما سے بھی ان مسائل کو رجوع کیا جاسکتا ہے۔حافظ رضوان قریشی امام و خطیب مکہ مسجد نے عید گاہ میرعالم میں نماز عید کی امامت کی اور بعد ازاں رقت انگیز دعاکی۔ انہوں نے اپنے عربی خطبہ میں مسلمانان فلسطین ، شام کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے ان کی حالت کی بہتری کے لئے دعا کی ۔ عید گاہ میرعالم کے قریب وضو کے لئے پانی کا انتظام بھی کیا گیا تھا ،واٹربورڈ کی جانب سے پینے کے پیکٹس فراہم کئے گئے  تھے۔پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔کمشنر پولیس حیدرآباد مہیندر ریڈی نے عید گاہ میرعالم میں نماز عید کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوںنے مصلیوں کو عید کی مبارکباد بھی پیش کی۔

شیئر: