Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 15 ہلاک، درجنوں لاپتہ افراد کی تلاش جاری

فلپائن میں ایک مسافر کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کم سے کم 15 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 50 منٹ پر پیش آیا، زیمبونگا سے روانہ ہونے والی کشتی ایم وی ٹریشا کرسٹن تھری سولو صوبے کے علاقے جولو کی طرف جا رہی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 352 افراد کی گنجائش رکھنے والی کشتی میں 332 افراد سوار تھے جبکہ عملے کے 27 افراد بھی موجود تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 316 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
جنوبی منڈاناؤ میں خدمات انجام دینے والے کوسٹ گارڈ کمانڈر رومیل دعا نے خبر رساں ادارے سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پانی نستباً پرسکون ہے جس کی بدولت امدادی کام میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔
ان کے مطابق ’حادثے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں اور ریسکیو آپریشن کے لیے فوجی طیارے اور کشتیاں بھی  منگوائی گئی ہیں۔‘
صوبہ بیسلان کے گورنر میوجیو ہاتامن نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اسیبیلا پورٹ کے مناظر پوسٹ کیے جن میں بچائے گئے افراد کو کشتیوں سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ کچھ کو سٹریچر پر ڈال کر لے جایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 316 افراد کو بچا لیا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)

ہاتامن نے ڈی زیڈ بی بی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بچائے گئے افراد میں سے زیادہ تر کی حالت بہتر ہے تاہم کچھ عمر رسیدہ مسافروں کے لیے ہنگامی طور پر طبی امداد کی ضرورت ہے، لاپتہ مسافروں کی تلاش کا کام بھی جاری ہے۔
سات ہزار سے زائد جزیروں پر مشتمل ملک فلپائن میں ہر سال سینکڑوں افراد کشتیوں کے حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں جبکہ وہ سمندری سفر سے متعلق حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بھی غیرواضح ریکارڈ رکھتا ہے۔

شیئر: