Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ موسم 1439ھ کی تیاریاں شروع

    مکہ مکرمہ - - - - -سعودی وزارت حج و عمرہ نے 1439ھ کے عمرہ موسم کی تیاریاں شروع کردیں۔ نیا عمرہ موسم حجاج کرام کی وطن واپسی مکمل ہوتے ہی شروع کر دیاجائے گا۔ سعودی حکومت کا شیوہ یہی ہے کہ وہ عمرہ موسم کی تیاری حج موسم ختم ہونے سے پہلے ہی شروع کردیتی ہے۔ امسال حج موسم کی کامیابی پر سعودی قائدین ، حکومت اور عوام بے حد خوش ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے اپنے فضل و کرم سے حج انتظامات کو موثر بنایا۔ سرکاری و نجی حج اداروں کی کاوشیں بارآور ثابت ہوئیں۔ دنیا بھر کے مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی عظیم الشان حج انتظامات کی کامیابی پر سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ اس خوشی سے سرشار ادارے نئے عمرہ موسم کو بھی انتہائی کامیاب دیکھنے کے جذبے سے کامل انتظامات کیلئے میدان میں کود پڑے ہیں۔ وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے اتوار کو مکہ مکرمہ میں عمرہ اداروں کا خصوصی اجلاس کیا۔ اس میں سیکریٹری عمرہ ڈاکٹر عبدالعزیز وزان اور معاون سیکریٹری انجینیئر عبدالعزیز دمنہوری، مشیر محمد الکلیبی اور کئی اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ انہوں نے نئے عمرہ موسم کیلئے متعلقہ اداروں اور شعبوں کے انتظامی تصورات کا جائزہ لیا۔ امسال گزشتہ برسوںکے مقابلے میں حجاج 20فیصد زیادہ آئے۔ 1438ھ کے دوران 6.7ملین معتمر ارض مقدس پہنچے تھے۔ یہ 1437ھ کے مقابلہ میں 20فیصد زیادہ تھے۔ وزیر حج نے اس امر پر زور دیا کہ آن لائن عمرہ سسٹم کے موثر ہونے   اور عمرہ کمپنیوں کے سسٹم کو موثر کرنے کی بابت اطمینان حاصل کیا جائے۔ بیرون مملکت 4ہزار ایجنسیاں عمرہ کمپنیوں سے منسلک ہیں۔ ان ایجنسیوں نے 100سے زیادہ ممالک میں آپریشنل اسکیمیں نافذ کرنا شروع کر دیں۔ ان دنوں تقریباً 3لاکھ حجاج کرام مسجد نبوی شریف کی زیارت کیلئے مدینہ منورہ پہنچے ہوئے ہیں۔ حج کی سعادت عطا ہو جانے پر مسجد نبوی شریف کی حاضری پر خوش ہیں۔ وہاں وہ روضہ الجنتہ میں تلاوت ، عبادت اور خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کر رہے ہیں۔ روضہ مبارکہ پہنچ کر نبی کریم ، حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہمھا کی خدمت میں صلاۃ  وسلام پیش کر رہے ہیں۔

شیئر: