کسی کو شکوہ ہے تو کھلے دل سے بیان کرے،ہم سننے کوتیار ہیں، راجناتھ سنگھ
اننت ناگ۔۔۔۔مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ دل ودماغ کو بند کرکے کشمیر نہیں آئے بلکہ (مسئلہ کشمیر پر ) کسی سے بھی کھلے دل سے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کوکوئی شکوہ شکایت ہے تو وہ ہم سے کرے ۔انہوں نے وادی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیرکوپرامن بنائیں ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر پولیس اسٹیشن کو بلٹ پروف گاڑیاں اوراہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس فراہم کی جائیں گی اور ہر پولیس اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کیلئے فنڈ جاری کردیئے گئے ہیں۔