Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حافظ سعید نے خواجہ آصف کو ہرجانے کا نوٹس دیدیا

لاہور..کالعدم جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا۔واضح رہے کہ خواجہ آصف نے نیویارک میں ایشیا سوسائٹی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پر حقانی نیٹ ورک، حافظ سعید اور دیگر دہشت گردوں کو تحفظ دینے کا الزام نہ لگایا جائے، یہ وہ لوگ ہیں جو 20 سے 25 سال قبل کبھی ا مریکہ کے لاڈلے تھے اور وائٹ ہاوس میں دعوتیں اڑایا کرتے تھے۔ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی جانب سے وزیر خارجہ کو ہتک عزت کے آرڈیننس 2002 کے سیکشن 8 تحت بھجوائے نوٹس میں کہا گیا کہ حافظ سعید کی مذہبی رہنما اور عقیدت مند مسلمان کی حیثیت سے عزت کی جاتی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت انسانی عظمت کی ضمانت دی گئی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے یہ بات انتہائی غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے کہ حافظ سعید ان لوگوں میں شامل ہیں جو امر یکہ کے لاڈلے ہوا کرتے تھے اور وائٹ ہاوس میں دعوتیں اڑاتے تھے۔ حافظ سعید کبھی امر یکہ کے قریب نہیں رہے وزیر خارجہ نے امیر جماعت الدعوہ پر شراب پینے کا الزام لگایا، یہ بیان توہین آمیز ہے جس پر پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 500 کے تحت 5 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ خواجہ آصف14 دن کے اندرالزامات کا ثبوت پیش اور بہتان تراشی اور ہرزہ سرائی کی وضاحت کریں ورنہ پاکستان اور بیرون ملک حافظ سعید کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر ان کے خلاف 10 کروڑ ہرجانے کے لئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔اے کے ڈوگر نے کہا کہ اپنے ہی ملک کے وزیر خارجہ نے بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کے لئے الزام تراشی کی۔ خواجہ آصف جیسے لوگوں کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنی زبان پر کنٹرول نہیں رکھتے ایسے شخص کو وزیر خارجہ فائز نہیں رہنا چاہئیے۔

شیئر: