Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغل سرائے ریلوے اسٹیشن پنڈت دین دیال اپادھیائے سے منسوب

    لکھنؤ۔۔۔۔۔۔۔اترپردیش میں مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے اسے جن سنگھ کے بانی پنڈت دین دیال اپادھیائے سے منسوب کردیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاست کی یوگی سرکار کی تجویز کو منظور کرلیا ہے جس کے بعد نام کی تبدیلی عمل میں آئی۔ دہلی ہاوڑہ ریلوے لائن پر وارانسی کے پاس مغل سرائے ریلوے اسٹیشن ہے۔ پنڈت دین دیال اپادھیائے 1968ء میں اس ریلوے اسٹیشن پر مشکوک حالت میں مردہ پائے گئے تھے۔ یوگی حکومت کی تجویز کی مخالفت متعدد سماجی تنظیموں کی طرف سے ہورہی ہے مگر اس مخالفت کے باوجود یوگی حکومت نے مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کو انتہا پسند تنظیم جن سنگھ جو اب بی جے پی کا نام اختیار کرچکی ہے کے بانی سے منسوب کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔ یوگی حکومت نے پنڈت دین دیال اپادھیائے کے یوم پیدائش پر انہیں مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کا تحفہ دیا ہے۔ بی جے پی میں اس فیصلے سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مخالفین نے اب باقاعدہ تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔ مخالفین ایک طویل عرصے سے مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کو ملک کے آنجہانی وزیراعظم لال بہادر شاستری سے منسوب کرنے کی تحریک چلا رہے تھے مگر مرکز کی طرف سے منظوری نہیں مل رہی تھی۔ مغل سرائے کے مقامی لوگ بھی نام تبدیل کرنے کی مخالفت کررہے تھے مگر اب مودی اور یوگی حکومتوں نے لال بہادر شاستری کو نظرانداز کرکے اپنے نظریات کے حامل پنڈت دین دیال اپادھیائے سے منسوب کیا ہے۔

شیئر: