Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کی چوری اور میٹر بند کرنے پر 2000سے ایک لاکھ ریال تک جرمانہ مقرر

جدہ۔۔۔سعودی بجلی کمپنی نے انتباہ دیا ہے کہ بجلی سروس کی چوری، میٹر معطل کرنے اور بجلی کے وسائل کو نقصان پہنچانے والوں پر بھاری جرمانے کئے جائیں گے۔ اگرکسی نے بلا قصد بھی میٹر کو معطل کیا ہوگا تب بھی اس پر جرمانہ ہوگا۔ بجلی کمپنی نے 2000 سے ایک لاکھ ریال تک کے جرمانے کردیئے۔ ذرائع کا کہناہے کہ بجلی کمپنی نے یہ انتہائی اقدام اْن خلاف ورزیوں کے ریکارڈ پر آنے کے بعد کیا ہے جن سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی۔ مملکت کے بعض علاقوں میں صارفین کو بجلی کی ترسیل میں مشکلات پیش آئیں۔  ذرائع کا کہناہے کہ خلاف ورزیوں کو 4زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 27خلا ف ورزیاں ایسی ہیں جن پر کم از کم 2ہزار ریال اور زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔تفصیلات کے مطابق گودام ، عمارت ، ادارے ، گاڑی ، بھاری مشین ، بجلی گھر ، ٹرانسفارمر، بڑی پاور لائن  ، کھمبے، زمینی کیبل  وغیرہ کو نقصان پہنچانے پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔  بجلی کی چھوٹی لائن کو نقصان پہنچانے ، بجلی کی تقسیم کے کیبن اور برقی توانائی کی پیمائش کرنے والے میٹر کو نقصان پہنچانے پر 50ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ بجلی کے تقویتی آلات کنٹرول کرنے والی لائنوں کونقصان پہنچانے پر 3ہزار ریال ٹرانسفارمر اسٹیشنوں  کو نقصان پہنچانے پر 50ہزار ، برقی سروس کے سازوسامان اور برقی توانائی کی پیمائش کرنے والے میٹر کو نقصان پہنچانیوالے پر 3ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ بجلی اداروں کی خدمات سے استفادے کیلئے کسی کو سہولت دینے یا غیر قانونی طریقے سے بجلی نیٹ ورک استعمال کرنے کا موقع دینے پر 2000ریال علاوہ ازیں بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچانے پر 50ہزار ریال کا جرمانہ ہو گا۔ 
 
 

شیئر: