Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت بھر میں صلاة استسقاءکے ایمان افروز مناظر

مکہ مکرمہ....سعودی عرب کے تمام 13صوبوں، کمشنریوں اور تحصیلوں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت مبارکہ کی اتباع میں صلاة استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول تھا کہ جب بھی خشک سالی آتی اور بارش وقت پر نہ ہوتی تو آپ صلاة استسقاءکا اہتمام فرماتے تھے۔ نماز استسقاءکا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل ، حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس اور ریجن کے اعلیٰ عہدیدار پیش پیش تھے۔ اس موقع پر ایمان افروز مناظردیکھنے میں آئے۔ امام و خطیب حرم شیخ ڈاکٹر عبداللہ الجہنی نے نماز پڑھائی۔ انہوں نے اس موقع پر موثر خطبہ بھی دیا۔ انہوں نے کہاکہ مصیبت اور خوشحالی ہر دو حال میں اللہ سے رجوع کیا جائے۔ ظاہر و باطن ہر حال میں اللہ کی اطاعت کی جائے۔ بارش میں تاخیر کی بنیادی وجہ گناہ ہوتے ہیں۔ استغفار سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتا ہے اور بندوں کو باران رحمت سے نوازتا ہے۔ صلاة استسقاء کادوسرا بڑا اجتماع مدینہ منورہ کی مسجد نبوی شریف میں ہوا جہاں گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نمازیوں میں پیش پیش تھے۔ نماز شیخ صلاح البدیر نے پڑھائی۔ انہوں نے دعاﺅں کی اہمیت اور مغفرت طلبی پر خطبہ دیا۔ انہوں نے گریہ و زاری کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے گناہوں اور حق تلفی کی معافی طلب کرنے پر اکسایا۔ تیسرا بڑا اجتماع ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ جامع مسجد میں ہوا۔مملکت کے تمام علاقوں میں صلاة استسقاءادا کرنے والوں میں گورنر، کمشنر اور تحصیلدار پیش پیش تھے۔

شیئر: