Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب شہباز شریف کی بار ی ہے ،عمران خان

  تونسہ شریف ..تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نااہل ہو چکے۔ حدیبیہ پیپر ملز کیس کھل گیا۔ اب شہباز شریف کی باری ہے۔ شریف برادران دوبارہ نہیں آئیں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان ملک کی بہتری کے لئے فوری الیکشن کا اعلان کریں۔ ہفتے کوتونسہ شریف میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔یہاں صرف طاقتور کا راج ہے۔جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون مہذب معاشرے میں نہیں چلتا۔ پاکستان میں ہرسال ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے ۔اربوں روپے چوری کرکے ملک سے باہر بھیجے جاتے ہیں۔پکڑے جانے پر کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ کرپٹ لوگوں کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے۔ قوم سیاسی طور پر باشعور ہے اسے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔ انسانوں کے معاشرے میں کوئی یہ نہیں کہتا کہ مجھے کیوں نکالا ۔ حکمرانوں کے بچے اور جائدادیں باہر ہیں خود یہاں حکمرانی کر رہے ہیں۔ عوام اب ا نہیں ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جس لیڈر کا جینا مرنا پاکستان سے باہر ہوہاتھ کھڑا کرکے بتائیں ایسے لوگوں کو ووٹ دیں گے؟۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں آنے سے قبل معلوم نہیں تھا کہ تونسہ میں اتنے لوگ بستے ہیں۔ جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد کے آنے سے معلوم ہوا کہ یہاں بہت بڑی تعداد میں باشعور لوگ بستے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کا 60 فیصد ترقیاتی فنڈ لاہور پر خرچ ہو رہا ہے۔ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا جار ہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے کام کریں گے۔زراعت کے شعبے کے جدید خطوط پر استوار کریں گے۔

شیئر: