Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹر نیشنل اسکول، انگلش سیکشن میں یوم اقبال پر خصوصی تقریب

 
طلباءفکر اقبال کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے اندر "اقبال کے شاہین اور مرد مومن " کی خصوصیات پیدا کریں ، پرنسپل عدنان ناصر کا خطاب 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان انٹر نیشنل اسکول، انگلش سیکشن میں یوم اقبال کے حوالے سے پُر وقار تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ بعد ازاں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیاجس کے بعد”لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری“، ”مکڑا اور مکھی“اور” ہمدردی“ جیسی علامہ اقبال کی نظموں کے عکاس خوبصورت ٹیبلو ز اور خاکے پیش کئے گئے ۔علامہ محمد اقبال کی شخصیت کے حوالے سے دستاویزی فلم دکھائی گئی اور مقابلہ بیت بازی بھی منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے اپنی تقاریر میں کہا کہ علامہ اقبال ہی وہ ہستی تھے جنہوں نے سب سے پہلے برصغیر میں ایک آزاد مسلم مملکت کے قیام کا خواب دیکھا تھا۔علامہ اقبال نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے اشعار میں جو پند و نصائح کیں طلبہ نے اپنی تقاریر میںان پر بھی روشنی ڈالی۔ پرنسپل عدنان ناصر نے کہا کہ قوم کو اقبال کی شاعری سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے۔جنہوں نے اپنے کلام سے قوم میںآزادی کی وہ تڑپ پیدا کی جس کی بدولت مسلمانان برصغیر نے غلامی کا طوق اتار پھینکا اور ایک آزاد مسلم ریاست قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔انہوں نے مستقبل کے معمارانِ وطن کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ علیحدہ وطن کا تصور پیش کرنا اور ملک بنانا ایک مرحلہ تھا، اس کو آگے چلانا اور استحکام و کامیابی کے راستے پر گامزن کرنا ایک ذمہ داری ہے جسے پورا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہمارے قائدین نے جو ذمہ داری ہمیں سونپی ہے اسے خلوص نیت کے ساتھ پورا کریں گے۔ہماری انفرادی کاوش ہی خدمت کے اس جذبے کی عکاسی ہے جو وطنِ عزیز کو کامیابی اور ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے۔پرنسپل عدنان ناصر نے طلبہ سے یہ بات زور دے کر کہی کہ وہ افکار اقبال کا نہ صرف مطالعہ کریں بلکہ اپنی زندگیوں کو اقبال کی تعلیمات سے ہم آہنگ کریں، اغیار کے بجائے اپنی قوت بازو پر بھروسہ کریں اور تعلیمی میدان میں مسلسل کوشش سے ترقی کو ممکن بنائیںنیز اپنے اندراقبال کے ”شاہین“ اور” مرد مومن “ کی خصوصیات پیدا کریں۔
 

شیئر: