Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کو غیر مسلح کئے بغیر لبنان مستحکم نہیں ہوگا، عادل الجبیر

    ریاض - - - - - سعودی وزیر خارجہ عاد ل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کئے بغیر لبنان مستحکم نہیں ہوگا۔ اسے نہتا کرنا ضروری ہے تاکہ وہ سیاسی جماعت کے طور پر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ الجبیر نے بتایا کہ حزب اللہ پر دباؤ ڈالنے اور مناسب وقت پر اس سے متعلق فیصلہ کرنے کیلئے اتحادی ممالک کے ساتھ صلاح و  مشورہ  ہو رہا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ آپ جس انداز سے بھی صورتحال  پر نظر ڈالیں گے آپ کو محسوس ہو گا کہ حزب اللہ کے لوگ دشمنوں والا طریقہ اپنائے ہوئے ہیں۔ ہم حزب اللہ کی دشمنی کا جواب دیں گے۔ پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے۔ ایران  کی دشمنی کا بھی جواب دیا جائے گا۔ الجبیر نے کہا کہ یمن کی ناکہ بندی اور شہریوں پر گولہ باری کے ذمہ دار حوثی ہیں۔ انہوں نے یمن کے انسانی حالات اس قدر بگاڑ دیئے ہیں کہ بعض علاقوں میں قحط کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ الجبیر نے جمعرات کو اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ ریاض میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لبنان کو اس کی خود مختاری مل جائے وہ ایرانی آلہ کار حزب اللہ کی تابعداری سے آزاد ہو جائے۔ دہشت گرد تنظیم حزب اللہ ہی بحرین میں ہنگاموں کی آگ بھڑکائے ہوئے ہے۔ یہ جماعت اسرائیل کی مزاحمت کے بہانے اسلحہ سے لیس ہے۔ شام میں مداخلت اور یمن میں حوثیوں کی مدد کر کے حزب اللہ کے عسکریت پسند عناصر کس کی مزاحمت کر رہے ہیں اور اس عنوان سے کس کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔
 

شیئر: