سعودی عرب کی مدد سے روہنگیا کیخلاف مظالم کی روک تھام کی قرارداد منظور
نیویارک.....سعودی عرب نے اقوام متحدہ میں روہنگیا مسلمانوںکے خلاف مظالم کی روک تھام اور میانمار حکومت کو اقلیت کے حقوق کے تحفظ کا پابند بنانے کی قرارداد منظور کرالی۔ تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر اقوام متحدہ میں سعودی سفارتی ٹیم کی انتھک کوششیں رنگ لے آئیں۔سعودی عرب نے اقوام متحدہ میں او آئی سی ممبران کے تعاون سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم کے انسداد کےلئے عالمی ادارہ سے قرارداد منظور کرانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ قرارداد کے حق میں 135ممالک نے ووٹ دیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ روہنگیا اقلیت کے خلاف کی جانے والی تمام عسکری کارروائیاں روکی جائیں۔متاثرہ علاقوں میں انسانی امدادی قافلوں کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ نقل مکانی کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کو باعزت طریقے سے اپنے علاقو ںمیں دوبارہ بسایا جائے۔ راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کو تمام شہری حقوق دیئے جائیں۔ مبصرین کو حقائق جاننے کے لئے متاثرہ علاقوں میں جانے کی اجازت دی جائے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر عالمی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔ روہنگیا مسلمانوں کو مذہبی آزادی کے ساتھ انکی آمد ورفت پر نگرانی ختم کی جائے۔اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو میانمار میں خصوصی ایلچی تعینات کیا جائے۔ راکھین میں نگراں کمیٹی مقرر کی جائے جو روہنگیا اقلیت اور دیگر قومیتوں کے درمیان مصالحتی کوششوں کے علاوہ روہنگیا میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں۔