Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاپتہ ارجنٹائنی آبدوز کی تلاش تیز کر دی گئی

بیونس آئرس ۔۔۔ارجنٹائن کی بحریہ نے جنوبی بحر اوقیانوس میں 3 روز سے لاپتہ آبدوز کی تلاش کا کام تیز کر دیا ہے۔ اس آبدوز میں عملے کے 44 ارکان سوار ہیں۔ ارجنٹائن کے صدر موریکو ماکری نے کہاکہ حکومت عملے کے خاندانوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سان ہوان نامی اس آبدوز کی جلد از جلد تلاش کو ممکن بنانے میں مدد کے لیے تمام قومی اور بین الاقوامی وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے،بحریہ کے ترجمان اینریکے بالبی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہم آبدوز کو تلاش نہیں کر پائے اور اْس کے ساتھ ہمارا بصری یا ریڈار پر مواصلاتی رابطہ نہیں ہو پا رہا ۔یہ ڈیزل- الیکٹرک آبدوز جنوبی امریکہ کے جنوبی کنارے اوشوآئیا سے ایک معمول کے مشن کے بعد بیونس آئرس کے جنوب میں اپنے بحری اڈے مار ڈیل پلاٹا واپس آ رہی تھی۔ بحریہ کی کمانڈ کے ساتھ اس کا آخری رابطہ بدھ کی صبح ہوا تھا۔خیال ہے کہ شاید آبدوز میں بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی وجہ مواصلات میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ بحری پروٹوکول کے مطابق اگر کسی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو جائے تو اسے سطح پر آ جانا چاہیے۔
 
 

شیئر: