Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی ای ایس ٹیک شو: انسانی شکل کے روبوٹس، آواز سے چلنے والا فریج اور بلیک بیری کا نیا انداز

نمائش میں دو مختلف روبوٹس نے کپڑے دھونے، ناشتہ بنانے اور مشروبات پیش کرنے کے ڈیمو دیے۔ (فوٹو: اے پی)
یہ برس ایسے روبوٹس سے بھرپور ہو گا جو کپڑے دھو سکیں گے، اشیا اٹھائیں گے اور سیڑھیاں چڑھ سکیں گے، ایسے فریج جنہیں آواز کے ذریعے کھولا جا سکے گا، موٹرائزڈ قبضوں والے لیپ ٹاپ جن کی سکرین کمرے میں آپ کے ساتھ حرکت کرے گی، اور بلیک بیری فون کے نئے تصور کی واپسی بھی دیکھنے میں آئے گی۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق یہ پیش گوئیاں اس برس لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے سالانہ سی ای ایس ٹیک شو سے سامنے آئی ہیں۔ یہ وسیع و عریض نمائش جدید ترین ٹیکنالوجی کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی جاتی ہے، جہاں سٹارٹ اپس اور بڑی کمپنیاں اپنی نئی ایجادات پیش کرتی ہیں۔
ان میں سے کئی جدید مصنوعات واقعی خرید کے لیے دستیاب ہوں گی، جو اب خیالی تصورات سے نکل کر عملی ڈیوائسز بن رہی ہیں، تاہم بعض ٹیکنالوجیز اب بھی مہنگے پروٹوٹائپس تک محدود ہیں۔

انسانی شکل کے روبوٹس حقیقت کے قریب

انسانی شکل کے روبوٹس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس برس نمائش میں متعدد ایسے پروٹوٹائپس دکھائے گئے جو خودمختار طور پر کام کر سکتے ہیں۔
نمائش میں دو مختلف روبوٹس نے کپڑے دھونے، ناشتہ بنانے اور مشروبات پیش کرنے کے ڈیمو دیے۔ ایل جی کا CLOiD ہوم روبوٹ اپنے ڈیمو میں آہستہ آہستہ اور خودکار انداز میں ایل جی کے کچن آلات کے ساتھ جڑے گھریلو کام انجام دے رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کی اگلے برس حقیقی ماحول میں آزمائش کی جائے گی۔
دوسری جانب چینی کمپنی سوئچ بوٹ کا Onero H1 ایک سکیورٹی روبوٹ اور روبوٹ ویکیوم کا ملا جلا روپ دکھائی دیتا ہے، جس کے متحرک بازو گھریلو کاموں کے لیے تیار ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ روبوٹ رواں برس فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، تاہم قیمت ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ برس بوسٹن ڈائنامکس کے طویل عرصے سے آزمائشی ایٹلس روبوٹ کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتا ہے، جس کا نیا ڈیزائن اس کی پیرنٹ کمپنی ہنڈائی کے سی ای ایس شو میں پیش کیا گیا۔

یہ برس بوسٹن ڈائنامکس کے طویل عرصے سے آزمائشی ایٹلس روبوٹ کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)

سیڑھیاں چڑھنے والے روبوٹ ویکیوم

گھریلو روبوٹس میں فی الحال روبوٹ ویکیوم سب سے زیادہ عام ہیں، مگر اس برس ان میں بھی نئی چیزیں شامل کی گئی ہیں۔ ڈریمی کا Cyber10 Ultra بازوؤں سے لیس روبوٹ ویکیوم 500 گرام تک وزن اٹھا سکتا ہے اور فرش کی صفائی کے دوران برش اور دیگر نوزلز استعمال کرتا ہے۔ امکان ہے کہ یہ اگست کے آس پاس تقریباً 1800 یورو میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
تاہم زیادہ توجہ ڈریمی کے Cyber X تصوراتی ماڈل نے حاصل کی، جس میں چار ٹانگیں اور ٹینک جیسی پٹریاں ہیں، جو ممکنہ طور پر روبوٹ ویکیوم کے سب سے بڑے مسئلے، یعنی سیڑھیاں چڑھنے، کو حل کر سکتی ہیں۔
اگر مقصد واقعی سیڑھیوں کی صفائی ہے تو روبوراک کا Saros Rover زیادہ موزوں ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ دو پہیوں اور ٹانگوں پر مشتمل روبوٹ ویکیوم فی الحال پروٹوٹائپ مرحلے میں ہے اور ہر سیڑھی پر چھلانگ لگا کر صفائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نمائش میں زیادہ توجہ ڈریمی کے Cyber X تصوراتی ماڈل نے حاصل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

آواز سے چلنے والے فریج

اس برس عام فریج بھی ٹیکنالوجی کی یلغار سے محفوظ نہ رہ سکے۔ سام سنگ نے اپنا نیا فیملی ہب فریج متعارف کرایا، جس کے سامنے سکرین موجود ہے، مگر اس کی خاص بات آواز کے ذریعے کھلنے اور بند ہونے والے دروازے ہیں، جنہیں بغیر ہاتھ لگائے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کھلنے والے اور موٹرائزڈ لیپ ٹاپس

ایسر، ڈیل، سام سنگ سمیت تمام بڑی کمپنیوں کے درجنوں نئے لیپ ٹاپ نمائش میں پیش کیے گئے، مگر لینووو کا Legion Pro Rollable سب کی توجہ کا مرکز رہا۔ یہ بظاہر ایک عام 16 انچ کا لیپ ٹاپ ہے، مگر اس کی او ایل ای ڈی سکرین افقی طور پر کھل کر 24 انچ کے مکمل مانیٹر میں تبدیل ہو جاتی ہے، جو گیمنگ اور کام کے لیے نہایت موزوں ہے۔
ادھر لینووو کا ThinkPad Plus Gen 7 Auto Twist اب تصور سے نکل کر حقیقی پروڈکٹ بن رہا ہے۔ اس میں موٹرائزڈ گھومنے والا قبضہ ہے جو خود بخود سکرین کو صارف یا پریزنٹیشن کے دوران سامعین کی طرف موڑ دیتا ہے۔

لینووو کا ThinkPad Plus Gen 7 Auto Twist اب تصور سے نکل کر حقیقی پروڈکٹ بن رہا ہے۔ (فوٹو: لینووو)

فولڈنگ فونز اور بلیک بیری کی واپسی

سام سنگ نے سی ای ایس میں اپنا جدید ترین تین حصوں میں فولڈ ہونے والا اینڈرائیڈ فون پیش کیا۔ کتابی انداز میں فولڈ ہونے والا یہ ڈیزائن ایک اضافی حصے کے ساتھ مزید کھلتا ہے، جس سے ایک بڑی وائیڈ سکرین سامنے آتی ہے۔ جنوبی کوریا میں 2025 کے اختتام سے قبل فروخت کے بعد، گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ کے رواں سال کے پہلے نصف میں امریکا اور دیگر مارکیٹس میں آنے کی توقع ہے، تاہم اس کی قیمت خاصی زیادہ ہوگی۔
وہ صارفین جو فون میں فزیکل کی بورڈ کے دنوں کو یاد کرتے ہیں، ان کے لیے کلکس نامی کمپنی بلیک بیری کو نئے انداز میں واپس لا رہی ہے۔ اس کا نیا کمیونیکیٹر ایک اینڈرائیڈ فون ہے جس میں فزیکل کی بورڈ موجود ہے۔ اسے ’کمیونیکیشن کمپینین‘ کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں سوشل میڈیا سکرولنگ کے بجائے پیغام رسانی کو ترجیح دی گئی ہے۔

 

شیئر: