نواز شریف مفاد پرست ہیں، بلاول
جمعرات 23 نومبر 2017 3:00
لاہور... پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نظریے کے معنی بھی نہیں جانتے۔ وہ مفاد پرست تھے اور اب بھی ہیں۔ نواز شریف کے ذاتی مسائل جمہوریت کے لئے خطرہ ہیں۔نوازشریف اپنے بیانات کو چھوڑیں اورقانون کی حکمرانی کو مانیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے خود کہا تھاکہ میں عدالتوں کا سامنا کروں گا ۔ وہ جس طرح یوسف رضا گیلانی کو مشورہ دیتے تھے انہیں چاہیے کہ خود بھی قانون کی حکمرانی کو مانیں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی گزشتہ 30 سال کی تاریخ دیکھ لی جائے جمہوریت کے خلاف جو بھی سازش ہوئی اس میں وہ شریک رہے ہیں۔ نواز شریف کے ذاتی مسائل جمہوریت کے لئے خطرہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ سب جماعتیں یک نکاتی ایجنڈے پر راضی ہیں کہ پاکستان میں جمہوری نظام ہونا چاہیے۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دی ہیں، جمہوریت کے بارے میں پیپلزپارٹی کا اپنا نظریہ ہے لیکن بدقسمتی سے نوازشریف نظر یئے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ ذاتی فائدے کے لئے کسی چیز کو تبدیل کرنا نظریہ نہیں ہوتا۔نواز شریف سویلین سپر میسی کی بات کرتے ہیں لیکن سب کو معلوم ہے کہ کس کا کیا موقف رہا ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کو اختیارات دیئے ہیں،(ن) لیگ والے ان سے رابطہ کریں پیپلز پارٹی کا موقف واضح طو رپر سامنے لایا جا چکا ہے۔میں نواز شریف سے بات نہیں کروں گا۔انہوںنے اسحاق ڈار کے حوالے سے کہا کہ جو شخص اپنا چیک سائن نہیں کر سکتا وہ پاکستان کا چیک سائن کر رہا تھا۔انہوںنے حافظ سعید کی رہائی پر کہا کہ ہند ، امریکہ یا کسی اور کے بارے میں نہیں سوچنا بلکہ ہمیں قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ کو دیکھنا ہے ۔ جو شدت پسند جماعتیں حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے ۔